پاکستان اور سعودی عرب کے تعلقات خصوصی اہمیت کے حامل ہیں ،

سعودی عرب ہمارا سچا دوست اور برادر اسلامی ملک ہے ،دونوں ممالک ایک دوسرے کے ساتھ دینی، ثقافتی اور اقتصادی رشتوں میں جڑے ہوئے ہیں ، دونوں ممالک کے سرمایہ کاروں کے درمیان ملاقاتوں کا سلسلہ باقاعدگی سے جاری رہنا چاہے، پاکستان سعودی عرب کے وژن 2030 کی پالیسی بڑی اہمیت کی حامل ہے صدر مملکت ممنون حسین کی سعودی عرب کے وزیر تجارت و سرمایہ کاری ڈاکٹر ماجد الکسابی کی قیادت میں وفد سے بات چیت

بدھ 17 جنوری 2018 17:31

پاکستان اور سعودی عرب کے تعلقات خصوصی اہمیت کے حامل ہیں ،
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 جنوری2018ء) صدر مملکت ممنون حسین نے کہا ہے کہ سعودی عرب ہمارا سچا دوست اور برادر اسلامی ملک ہے اور ہر پاکستانی سعودی عرب کو اپنا دوسرا گھر سمجھتا ہے۔دونوں ممالک ایک دوسرے کے ساتھ دینی، ثقافتی اور اقتصادی رشتوں میں جڑے ہوئے ہیں جس سے دونوں ممالک کے تعلقات کو نئی جہت ملتی ہے۔انہوں نے یہ بات ایوان صدر میں سعودی عرب کے وزارت تجارت و سرمایہ کاری کے وفد سے بات چیت کرتے ہوئے کہی جس نے بدھ کو وزیر تجارت و سرمایہ کاری ڈاکٹر ماجد الکسابی کی قیادت میں صدر مملکت سے ملاقات کی۔

اس موقع پر وفاقی وزیر تجارت پرویز ملک، وفاقی وزیر دفاع انجینئر خرم دستگیرخان، وزیر مملکت برائے خزانہ و اقتصادی امور رانا محمد افضل خان، سعودی سفیر کموڈور نواف سعید احمد المالکی، وفد کے اراکین اور دیگر اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

یہ اعلیٰ سطحی وفد پاک سعودی مشترکہ وزارتی کمیشن کے گیارہویں اجلاس میں شرکت کے لیے پاکستان کے دورے پر ہے۔

صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے تعلقات خصوصی اہمیت کے حامل ہیں اور دونوں ممالک کے درمیان اعتماد اور محبت کا شاندار رشتہ قائم ہے جو دیگر دنیا کے لیے مثال کی حیثیت رکھتا ہے۔ صدر مملکت نے کہا کہ دونوں برادر ممالک کے درمیان زندگی کے مختلف شعبوں میں تعاون جاری ہے جس میں اضافے کیلئے مسلسل کام کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان تجارتی حجم کم ہے جسے مزید بڑھانے کی ضرورت ہے۔

انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے سرمایہ کاروں کے درمیان ملاقاتوں کا سلسلہ باقاعدگی سے جاری رہنا چاہے۔ اس سے سرمایہ کاری کی نئی راہیں کھلیں گی اور دونوں ممالک کے عوام اور حکومتی سطح پر تعلقات کو فروغ ملے گا۔ انھوں نے کہا کہ پاکستان سعودی عرب کے وژن 2030 کی پالیسی بڑی اہمیت کی حامل ہے اور یہ سعودی عرب کی معیشت کو مستقبل میں مزید مستحکم کرنے میں بڑا اہم کردار ادا کرے گی۔

صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان سرمایہ کاری کے لحاظ سے بہترین ملک ہے۔سعودی سرمایہ کار توانائی، تعمیرات اور زراعت کے شعبوں میں سرمایہ کاری سے استفادہ کر سکتے ہیں۔صدر مملکت نے اپنے گزشتہ سعودی عرب کے دورے کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ دورے میں سعودی عرب کے شاہ سلمان بن عبدالعزیز السعود سے ملاقات ہوئی تھی جس میں دوطرفہ تعلقات پر بات چیت ہوئی جو بہت مفید رہی۔

انھوں نے کہا کہ سعودی عرب میں اس وقت تقریباً 26 لاکھ پاکستانی رہائش پذیر ہیں اور وہ سعودی عرب کو اپنا دوسرا گھر سمجھتے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ یہ پاکستانیسعودی عرب کی معاشی ترقی میں اپنا حصہ ڈال رہے ہیں اور دونوں ممالک کے درمیان ایک پل کا کردار ادا کر رہے ہیں۔ انہوں نے خادم الحرمین شریفین سلمان بن عبدالعزیز السعود کا پاکستانی کمیونٹی کا خیال رکھنے پر شکریہ ادا کیا۔ سعودی عرب کے وزیر تجارت و سرمایہ کاری ڈاکٹر ماجد الکسابی نے بتا یا کہ کونسل کے اجلاس میں بہت اہم فیصلے ہوئے ہیں جو دور رس اثرات کے حامل ہوں گے۔