قومی اسمبلی کے اجلاس میں حاجی غلام احمد بلور کاخیبر پختونخوا میں گیس کی کمی اوربچوں سے زیادتی کے واقعات پر وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سے مستعفی ہونے کا مطالبہ

بدھ 17 جنوری 2018 16:44

قومی اسمبلی کے اجلاس میں حاجی غلام احمد بلور کاخیبر پختونخوا میں گیس ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 جنوری2018ء) عوامی نیشنل پارٹی کے پارلیمانی لیڈر حاجی غلام احمد بلور نے پشاور اور خیبر پختونخوا کے دیگر علاقوں میں گیس کی کمی کی شکایات کو دور کرنے اور صوبے میں بچوں سے زیادتی کے واقعات پر وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سے مستعفی ہونے کا مطالبہ کیا ہے۔ بدھ کو قومی اسمبلی میں نکتہ اعتراض پر غلام احمد بلور نے کہا کہ سانحہ قصور پر پوری پاکستانی قوم اشک بار ہے لیکن ملک کے تمام علاقوں کے رہنے والے بچوں کو یکساں تصور کیا جائے۔

(جاری ہے)

سانحہ قصور کے بعد وزیراعلیٰ پنجاب متاثرہ خاندان کے گھر گئے مگر پھر بھی ان سے مستعفی ہونے کا مطالبہ کیا جارہا ہے جبکہ خیبر پختونخوا میں اس طرح کے کئی واقعات ہوئے لیکن کوئی ان سے استعفے کی بات نہیں کر رہا۔ انہوں نے کہا کہ ان کے حلقہ انتخاب این اے ون پشاور اور صوبے کے دیگر علاقوں میں گیس کی کمی کا مسئلہ ہے اور بچے ناشتے کے بغیر سکول جارہے ہیں۔ اس پر جمعہ کے روز احتجاج بھی کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا میں گیس کے ذخائر کے باوجود یہاں گیس کی لوڈشیڈنگ اور کمی قابل افسوس ہے۔