چیف جسٹس نے دوہری شہریت رکھنے والے سرکاری ملازمین اور ججوں کی تفصیلات طلب کر لیں

Mian Nadeem میاں محمد ندیم بدھ 17 جنوری 2018 15:18

چیف جسٹس نے دوہری شہریت رکھنے والے سرکاری ملازمین اور ججوں کی تفصیلات ..
اسلام آباد(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔17 جنوری۔2018ء) چیف جسٹس آف پاکستان نے ایسے سرکاری ملازمین اور ضلعی اور اعلیٰ عدلیہ میں تعینات ججوں کی تفصیلات طلب کر لی ہیں جو پاکستان کے علاوہ کسی دیگر ملک کی شہریت بھی رکھتے ہیں۔ چیف جسٹس میاں ثاقب نثار نے اس ضمن میں از خود نوٹس لیتے ہوئے پانچوں ہائی کورٹس کے رجسٹرار صاحبان کے علاوہ سیکریٹری اسٹیبلشمنٹ سے 15 روز میں رپورٹ طلب کرلی ہے۔

چیف جسٹس نے سپریم کورٹ کے علاوہ پانچوں ہائی کورٹس کے رجسٹرار کو حکم دیا ہے کہ وہ اعلیٰ عدلیہ کے علاوہ ضلعی عدالتوں میں کام کرنے والے ججز کے بارے میں بھی معلومات فراہم کریں جو دوہری شہریت کے حامل ہیں۔سپریم کورٹ کے ترجمان کے مطابق سیکریٹری اسٹیبلشمنمٹ سے دوہری شہرت کے حامل گریڈ 17 سے گریڈ 22 تک کے سرکاری افسران کی فہرست طلب کی ہے۔

(جاری ہے)

تاہم گریڈ 16 سے نچلے گریڈ کے سرکاری ملازمین کے بارے میں ابھی کوئی احکامات جاری نہیں کیے گئے۔

یہ پہلی مرتبہ ہے کہ سرکاری ملازمین کی دوہری شہریت کے معاملے پر سپریم کورٹ کی طرف سے از خود نوٹس لیا گیا ہے ۔سرکاری ملازمین کے کوائف کی جانچ پڑتال کرنے والے خفیہ اداروں کے مطابق گریڈ 17 سے لے کر گریڈ 22 تک سرکاری ملازمین کی تعداد ہزاروں میں ہے جن کے پاس دوہری شہریت ہے۔ زیادہ تر سرکاری ملازمین امریکہ، برطانیہ اور کینیڈا کی شہریت رکھتے ہیں۔

متعلقہ عنوان :