پیپلز پارٹی نے فریال تالپور کو چیئرپرسن سینٹ بنوانے کیلئے ہوم ورک شروع کردیا

آئندہ سینٹ الیکشن میں سب سے اہم کردار بلوچستان اسمبلی کا ہوگا ، ذرائع

بدھ 17 جنوری 2018 15:01

پیپلز پارٹی نے فریال تالپور کو چیئرپرسن سینٹ بنوانے کیلئے ہوم ورک شروع ..
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 17 جنوری2018ء) پیپلز پارٹی نے مارچ میں ہونیوالے سینٹ الیکشن کے بعد فریال تالپور کو چیئرپرسن سینٹ بنوانے کیلئے تیزی سے ہوم ورک شروع کردیا ہے ۔ آئندہ سینٹ الیکشن میں سب سے اہم کردار بلوچستان اسمبلی کا ہوگا جہاں پر مسلم لیگ (ن) کے 14 ایم پی ایز پارٹی قیادت سے منحرف ہوچکے ہیں ۔

(جاری ہے)

مصدقہ ذرائع کاکہنا ہے کہ بلوچستان میں اس وقت سابق صدر آصف علی زرداری کا مکمل کنٹرول ہے اور وزیراعلیٰ بلوچستان نے انہیں 20 جنوری کو ہونیوالے حب کے جلسہ عام میں مہمان خصوصی کے طور پر بھی بلا رکھا ہے پیپلزپارٹی وزیراعلی بلوچستان عبدالقدوس بزنجو اور ان کے ساتھیوں کو عام انتخابات کے موقع پر پارٹی میں شامل کرنے کا بھی ارادہ رکھتی ہے ۔

بلوچستان میں پیپلز پارٹی کا سیاسی اثرورسوخ قائم رکھنے اور اس کو بڑھانے کیلئے آصف علی زرداری کے معتمد خاص ڈاکٹر قیوم سومرو کوئٹہ میں مستقل ڈیرے ڈالے ہوئے ہیں ۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ بلوچستان اسمبلی میں پیپلز پارٹی کا ایک بھی ایم پی اے نہیں ہے لیکن اس وقت سینٹ الیکشن کے حوالے سے سب سے زیادہ مضبوط اپوزیشن بلوچستان میں پیپلز پارٹی کی ہے اس کی ایک وجہ یہ بھی ہے کہ بلوچستان میں سینٹ کی ایک نشست کیلئے ایک ووٹ درکار ہوتا ہے ۔