کرپشن کے خاتمہ کیلئے ججز جرنیلوں اور سیاستدانوں پر مشتمل کمیشن بنایا جائے،محمود خان اچکزئی کی نئی تجویز

12مئی واقعہ کے ذمہ داروں کو کیوں سزا نہیں ہوئی،سانحہ ماڈل ٹاؤن قابل مذمت ہے،ذمہ داروں کو سزائیں ملنی چاہئیں،ملک پر خطرات منڈلا رہے ہیں جبکہ ہم نوازشریف کو ٹارگٹ کر رہے ہیں،صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو

بدھ 17 جنوری 2018 15:01

کرپشن کے خاتمہ کیلئے ججز جرنیلوں اور سیاستدانوں پر مشتمل کمیشن بنایا ..
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 17 جنوری2018ء) نامور سیاستدان محمد خان اچکزئی نے ملک سے کرپشن کے خاتمہ کیلئے جرنیلوں،ججز اور سیاستدانوں پر مشتمل بااختیار کمیشن تشکیل دینے کی تجویز پیش کردی جبکہ ماڈل ٹاؤن سانحہ کی انکوائری کے ساتھ ساتھ12مئی کو کراچی میں کیا گیا قتل عام کے مجرمان کو بھی کیفرکردار تک پہنچانے کا مطالبہ کیا ہے،پارلیمنٹ ہاؤس میں صحافیوں سے غیر رسمی بات چیت کرتے ہوئے محمود خان اچکزئی نے کہا ہے کہ نوازشریف صرف آئین،قانون کی حکمرانی کی بات کر رہے ہیں جس پر تمام مکاتب فکر کے لوگوں کو غور کرنا ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں کرپشن انتہاء کو پہنچ چکی ہے جس کا خاتمہ وقت کی ضرورت ہے لیکن اس ناسور کا حاتمہ کرپشن کا راگ الاپنے سے نہیں ہوگا،کرپشن کے خاتمہ کے لئے ججز،جرنیلوں اور سیاستدانوں پر مشتمل ایک کمیشن تشکیل دیا جائے جو کرپشن کے خاتمہ کے لئے کوئی قومی لائحہ عمل پیش کرسکے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ کرپشن صرف سیاستدانوں اور شریف خاندان نہیں ہے بلکہ کرپشن جرنیلوں،ججز اور جرنلسٹوں میں بھی موجود ہے یہاں کوئی دودھ کا دھلا ہوا نہیں ہے۔

انہوں نے کہا کہ کرپشن کے خاتمہ کی بات کنے والے صرف نوازشریف کو ٹارگٹ کر رہے ہیں ،نوازشریف کو ایک ایسے وقت میں ٹارگٹ کیا جارہا ہے جب ملک نامساعد حالات سے نبردآزما ہے۔امریکی صدتر ایک طرف پاکستان کو دھمکیاں دے رہے ہیں جبکہ دوسری طرف پاکستان مخالف اسرائیل اور بھارت گٹھ جوڑ کر رہے ہیں لیکن ان بیرونی چیلنجوں سے نمٹنے کی بجائے نوازشریف کو ٹارگٹ کرنا سمجھ سے بالاتر ہے۔

انہوں نے کہا کہ ملک میں درجنوں خفیہ اور سیکورٹی ایجنسیاں کام کر رہی ہیں یہ تمام ملکر سانحہ 12مئی کے ملزمان کی نشاندہی کیوں نہیں کرس رہیں جب دن دیہاڑے لوگوں کو گولیاں ماری گئیں جبکہ اس وقت کے حکمران پرویز مشرف نے سانحہ پر کہا کہ یہ عوام کی طاقت ہے۔انہوں نے کہا کہ ہمارے سیکورٹی ادارے ان تمام عوامل کی تحقیقات کیوں نہیں کر رہے اور گزشتہ10سال سے اس کیس پر پیش رفت کیوں نہیں ہوئی۔

محمود خان اچکزئی نے کہا کہ سانحہ ماڈل ٹاؤن لاہور ایک بہت بڑا واقعہ ہے اس واقعہ کی شدید مذمت کرتا ہوں اور جو اس واقعہ کی مذمت نہیں کرتا وہ انسان بھی نہیں ہے لیکن واقعہ کو سیاسی پوائنٹ سکورننگ کے لئے استعمال کرنے کے خلاف ہوں۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ سانحہ ماڈل ٹاؤن کے ذمہ داروں کو سزائیں ملنی چاہئیں۔انہوں نے کہا کہ مولانا طاہر القادری دہری شہریت کا حامل مولانا ہے ماضی میں بھی انہوں نے پاکستان میں آکر پارلیمنٹ پر حملہ کیا تھا اور پارلیمنٹ کے علاوہ پارلیمنٹیرین کو گالیاں دیں وہ ہم سب نے سنی تھیں،اس بار مولانا قادری کیسے لائے گئے اور یہاں ان کا کیا ایجنڈا ہے اس کا پتہ اگلے چند دنوں میں لگ جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ پارلیمنٹ پر حملے کی ویڈیو موجود ہیں لیکن چار سال سے اس واقعہ کی تحقیقات بھی نہیں ہوئیں،یہ حکومت کی ناکامی کی دلیل ہے۔محمود خان اچکزئی نے کہا بلوچستان میں واحد ہماری پارٹی تھی جو میدان میں رہ کر سیاسی مخالفین کا مقابلہ کیا،(ن) لیگ کے خوداراکین بھاگ گئے تھے جبکہ حاصل بزنجو کی پارٹی نے ووٹنگ میں حصہ نہ لے کر مخالفین کی مدد کی۔انہوں نے کہا کہ حکومت میں رہ کر کوئی مالی فوائد حاصل نہیں کئے اگر کوئی ثابت کردے تو ہر سزا بھگتنے کو تیار ہوں۔