فاٹا اصلاحات کا عمل شروع ہوچکا،

عوامی منشا کے مطابق پایہ تکمیل تک پہنچائینگے ،وزیراعظم

بدھ 17 جنوری 2018 12:47

فاٹا اصلاحات کا عمل شروع ہوچکا،
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 17 جنوری2018ء) وزیرِ اعظم شاہد خاقان عباسی نے کہاہے کہ قبائلی علاقہ جات کے عوام کی تعمیر و ترقی حکومت کی اولین ترجیح ہے ، ملکی تاریخ میں پہلی دفعہ موجودہ حکومت نے نہ صرف فاٹا کے مسائل کے حل کے لئے سنجیدہ کوشش کی بلکہ اس پر عملی طور پر کام شروع کیا، فاٹا اصلاحات کا عمل شروع کیا جا چکا ہے اور اس عمل کو فاٹا کے عوام کی منشا کے مطابق پایہ تکمیل تک پہنچایا جائے گا، حکومت سمجھتی ہے کہ فاٹا اصلاحات اور انضمام کے عمل کو مرحلہ وار طریقے سے سرانجام دیا جائے تاکہ اس عمل سے منسلک ایشوز اورمسائل کا بھی ساتھ ساتھ حل نکالا جا سکے ، فاٹا کے عوام کو قومی دھارے میں لانے کے لئے ضروری ہے کہ وہاں تعمیر و ترقی کے عمل کو فروغ دیا جائے۔

بدھ کوقبائلی علاقہ جات کی مختلف ایجینسیز سے تعلق رکھنے والے مسلم لیگ ن کے صدرو، نائب صدور اور جنرل سیکریٹریز پر مشتمل وفدنے وزیرِ اعظم آفس میں وزیرِ اعظم شاہد خاقان عباسی سے ملاقات کی۔

(جاری ہے)

وفد کی قیادت وزیرِ مملکت برائے سیفران غالب خان کر رہے تھے۔ ملاقات میں فاٹا اصلاحات، قبائلی علاقہ جات کی تعمیر و ترقی اور علاقے سے متعلقہ امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

وفد سے بات چیت کرتے ہوئے وزیرِ اعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ قبائلی علاقہ جات کے عوام کی تعمیر و ترقی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملکی تاریخ میں پہلی دفعہ موجودہ حکومت نے نہ صرف فاٹا کے مسائل کے حل کے لئے سنجیدہ کوشش کی بلکہ اس پر عملی طور پر کام شروع کیا۔ انہوں نے کہا کہ فاٹا اصلاحات کا عمل شروع کیا جا چکا ہے اور اس عمل کو فاٹا کے عوام کی منشا کے مطابق پایہ تکمیل تک پہنچایا جائے گا۔

فاٹا انضمام پر بات چیت کرتے ہوئے وزیرِ اعظم نے کہا کہ حکومت سمجھتی ہے کہ فاٹا اصلاحات اور انضمام کے عمل کو مرحلہ وار طریقے سے سرانجام دیا جائے تاکہ اس عمل سے منسلک ایشوز اورمسائل کا بھی ساتھ ساتھ حل نکالا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ فاٹا کے عوام کو قومی دھارے میں لانے کے لئے ضروری ہے کہ وہاں تعمیر و ترقی کے عمل کو فروغ دیا جائے ۔انہوں نے کہا کہ حکومت قبائلی علاقہ جات میں بھی ملک کے دیگر حصوں کی طرح تعلیم، صحت، روزگار کے مواقع اوردیگر سہولیات کی فراہمی کے لئے پر عزم ہے۔وفد کے اراکین نے فاٹامیں اصلاحات کے عمل کو شروع کرنے اورقبائلی علاقہ جات پر سالہا سال سے مسلط کالے قانون کے خاتمے کے سلسلے میں عملی اقدامات کرنے پر وزیرِ اعظم کا شکریہ ادا کیا۔