Live Updates

اسمبلی ہال چوک میں عوامی تحریک کا جلسہ شروع ہوگیا‘کارکنوں کو مرکزی قیادت کا انتظار ‘آصف زرداری پہلے جبکہ عمران خان دوسرے سیشن میں خطاب کریں گے

Mian Nadeem میاں محمد ندیم بدھ 17 جنوری 2018 11:10

اسمبلی ہال چوک میں عوامی تحریک کا جلسہ شروع ہوگیا‘کارکنوں کو مرکزی ..
 لاہور(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔17 جنوری۔2018ء) صوبائی دارالحکومت لاہور کی مرکزی شاہراہ مال روڈ پر پاکستان عوامی تحریک کے زیراہتمام سانحہ ماڈل ٹاﺅن کے خلاف جلسہ شروع ہوگیا ہے۔ آصف زرداری اورعمران خان ایک ہی اسٹیج سے مختلف سیشنز میں خطاب کریں گے جبکہ طاہر القادری جلسہ میں لائحہ عمل کا اعلان کریں گے۔ منتظمین کی جانب سے احتجاجی جلسے کے لیے دوپہر 12 بجے کا وقت دیا گیا تھا تاہم4 گھنٹے کی تاخیر کے باوجود اس کا ابھی تک باقاعدہ طور پر آغاز نہیں کیا جا سکا ہے۔

اطلاعات کے مطابق ڈاکٹرطاہرالقادری اور پیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری اپنی اپنی رہائش گاہوں سے جلسے میں شرکت کے لیے روانہ ہوچکے ہیں بتایا جارہا ہے کہ آصف علی زرداری پیپلزپارٹی کے کینٹنرپر جلسہ گاہ پہنچیں گے- تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان کی جانب سے آصف علی زرداری کے سٹیج پر نہ بیٹھنے کے اعلان کے بعد طے کیا گیا ہے کہ پہلے سیشن میں پیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین اور دوسرے سیشن میں تحریک انصاف کے سربراہ خطاب کریں گے ، آصف زرداری کا خطاب دوپہر میں جبکہ عمران خان کا مغرب کے قریب متوقع ہے۔

(جاری ہے)

آصف زرداری کے سیشن میں تحریک انصاف کی مقامی قیادت کے خطاب ہوں گے،عمران خان کے سیشن میں پیپلزپارٹی کی مقامی قیادت کے خطاب ہوں گے۔دوسری جانب ذرائع کے مطابق لاہورمیں متحدہ اپوزیشن کے احتجاج کے پیش نظر پنجاب حکومت نے دھرنے کے دوران رینجرز طلب کرنے کا فیصلہ کیا ہے، رینجرز کو پنجاب اسمبلی، گورنر ہاﺅس اورحساس مقامات پر تعینات کیا جائے گا۔

لاہورمیں احتجاج اورجلسے کے پیش نظر پنجاب یونیورسٹی اولڈ کیمپس، جی سی یونیورسٹی اور چھ اسکول بند رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ چیئرنگ کراس پراسٹیج تیار، کنٹینر پہنچ گیا اور کر سیا ں لگ گئیں۔ مال روڈ اور ملحقہ سڑکوں پر ٹریفک کا نظام درہم برہم ہوگیا، شاہراہ فاطمہ جناح ، کچہری روڈ، ہال روڈ، کوپر روڈ ، ایجرٹن روڈ، مزنگ روڈ اور ڈیوس روڈ سمیت دیگر سڑکوں پر ٹریفک شدید دباﺅ ہے جس سے شہری اور تاجر پریشان ہیں۔

جی پی او چوک پہلے ہی اورنج لائن کے انڈرپاس کی وجہ سے کئی دنوں سے بند ہے-دوسری جانب عوامی تحریک سمیت اپوزیشن جماعتوں کے جلسے کی وجہ سے محکمہ صحت نے ہسپتالوں کے سربراہوں کے نام مراسلہ جاری کر دیا۔ جس میں محکمہ صحت نے ہسپتالوں کی انتظامیہ کو ڈاکٹرز، نرسز اور عملے کی موجودگی کے ساتھ ادویات، طبی سامان کا وافر سٹاک اور آپریشن تھیٹرز کو مکمل فعال رکھنے کی ہدایت کر دی۔ذرائع کے مطابق سیکورٹی خدشات کے پیش نظر سابق وزیراعظم نوازشریف کی رہائش گاہ جاتی عمرہ اور ماڈل ٹاﺅن میں بھی رینجرزسمیت اضافی سیکورٹی تعینات کردی گئی ہے-
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات