اٹھارہ ہزاری ،انتظامیہ افسران کی کوشش ،کسانوں کا احتجاج جمعرات تک موخر کردیا گیا

اے ڈی سی آر سجاد خان اور اسسٹنٹ کمشنر شبیر احمد ڈوگر نے ملز انتظامیہ اور کسان رہنماوں سے مذاکرات کیے ،ملز نمائندگان نے جمعرات تک مہلت مانگ لی

منگل 16 جنوری 2018 23:14

اٹھارہ ہزاری (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 16 جنوری2018ء) انتظامیہ افسران کی کوشش ،کسانوں کا احتجاج جمعرات تک موخر کردیا گیا ۔اے ڈی سی آر سجاد خان اور اسسٹنٹ کمشنر شبیر احمد ڈوگر نے ملز انتظامیہ اور کسان رہنماوں سے مذاکرات کیے ،ملز نمائندگان نے جمعرات تک مہلت مانگ لی مقامی شوگر ملز کی جانب سے گنے کی خریداری میں ناجائزکٹوتی اور کم نرخ کے خلاف کسان رہنماوں کی جانب سے چوک اٹھارہ ہزاری میں احتجاج کی کال دی گئی تھی جس پر سینکڑوں کسان تحصیل چوک اور اٹھارہ ہزاری میں جمع ہوئے چوک اٹھارہ ہزاری میں کسان کے دھرنے کے لیے ساونڈ سسٹم اور کرسیاں بھی لگانا شروع کردی گئی اسی دوران اے ڈی سی آر جھنگ سجاد خان اور اسسٹنٹ کمشنر شبیر احمد ڈوگر نے ملز انتظامیہ اور کسان رہنماوں کے ساتھ مذاکرات کا آغاز کردیاجو کہ چھ گھنٹے تک جاری رہے جس میں کسان رہنماوں کی جانب سے سابق ایم پی اے فیصل جبوآنہ ،ڈاکٹر نوید چیلہ،مظفر محمود چیلہ ،مہر لیاقت عمرانہ ودیگر نے شرکت کی طویل مذاکرات کے بعد ملزمالکان نے کسان رہنماوں اور انتظامی افسران سے جمعرات تک مہلت مانگ لی ۔

(جاری ہے)

مذاکرات میں انتظامی افسران کی موجودگی میں دونوںفریقین کے درمیان ابتدائی طور پر طے پایا گیاکہ شوگر ملز انتظامیہ کی جانب سے سی پی آر کی مصدقہ نقل کی بروقت فراہمی،شوگرملز ایسوسی ایشن اور حکومت کے درمیان مذاکرات کی کامیابی تک گنا کی فی من 150روپے خریداری ہو گی تاہم سی پی آر پر 180روپے کے حساب سے ہی جاری ہو گا بقایا30روپے فی من کے حساب سے ادائیگی حکومت پنجاب کے فائنل نوٹیفکیشن تک مئوخر رہے گی سی پی آر اصل مالک کو دینے جبکہ مڈل مین کو سی پی آر فراہم نہ کرنے کی یقین دہانی کروائی گئی اس موقع پر کسانوںسے خطاب کرتے ہوئے فیصل جبوآنہ ،ڈاکٹر نوید چیلہ کا کہنا تھا کہ کسانوں کے خلاف شوگر ملز مافیا ظلم کر رہا ہے مگر کسانوں کی کوئی شنوائی نہیں ہورہی ۔

شوگر ملیں گنے کی خریداری میں نہ صرف ناجائز کٹوتی بلکہ سرکاری خریداری ریٹ 180روپے کی بجائے 150روپے سے کم خرید کررہی ہیں ، مقامی شوگر ملز مالکان ناجائز فائدہ اٹھاتے ہوئے کسانوں کا استحصال کررہے ہیں، اگرہمارے مطالبات تسلیم نہ کیے گئے تو احتجاج کا دائرہ وسیع کردیں گے۔ اے ڈی سی آر سجاد احمد خاں اور اسسٹنٹ کمشنر اٹھارہ ہزاری شبیر احمد ڈوگر نے اپنے دفتر کے باہر آکر کسانوں کو انکے تمام جائز مطالبات تسلیم کروانے کی یقین دہانی کروائی جس پر کسان رہنماوں نے جمعرات تک احتجاج موخر کرنے کا اعلان کردیااور پرامن طورپر منتشر ہوگئے۔

متعلقہ عنوان :