اوچ نہر میں پانی کی منتقلی موجودہ صوبائی حکومت کا ایک عظیم منصوبہ ہے،ورسک کنال ری ماڈلنگ

منصوبہ کے آغاز سے اوچ نہر میں پانی کی منتقلی یقینی بنائی جا رہی ہے جس سے پسماندہ کوہ دامان سمیت ملحقہ علاقوں کی ہزاروں ایکڑ بنجر اراضی سیراب ہو گی اور ترقی و خوشحالی کا ایک نیا باب شروع ہو گا، وزیر آبنوشی شاہ فرمان

منگل 16 جنوری 2018 22:27

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 16 جنوری2018ء) خیبر پختونخوا کے وزیر اطلاعات و تعلقات عامہ اور آبنوشی شاہ فرمان نے کہا ہے کہ اوچ نہر میں پانی کی منتقلی موجودہ صوبائی حکومت کا ایک عظیم منصوبہ ہی,ورسک کنال ری ماڈلنگ منصوبہ کے آغاز سے اوچ نہر میں پانی کی منتقلی یقینی بنائی جا رہی ہے جس سے پسماندہ کوہ دامان سمیت ملحقہ علاقوں کی ہزاروں ایکڑ بنجر اراضی سیراب ہو گی اور ترقی و خوشحالی کا ایک نیا باب شروع ہو گا۔

(جاری ہے)

ان.خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کے روز زنگلی نہر ناکبند, بڈھ بیر میں ورسک کنال ری ماڈلنگ اور اپ گریڈیشن آف پمپس کے منصوبے کے باقاعدہ افتتاح کے بعد ایک بڑے عوامی جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا.

مذکورہ بڑے منصوبہ پر 2504 ملین روپے کی لاگت آئے گی اور ورسک کنال سے بھاری مشینری کے ذریعے اوچ نہر میں پانی منتقل کیا جائے گا. جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے شاہ فرمان کا کہنا تھا کہ اوچ نہرایک دیرینہ مسئلہ تھا،کئی حکومتیں گزر گئیں لیکن کسی نے بھی اس بڑے مسئلہ کی طرف توجہ نہیں دی لیکن تحریک انصاف کی موجودہ صوبائی حکومت نے اس بڑے اور سنجیدہ مسئلہ کے حل کو اپنی ترجیحات میں شامل رکھا اور اللہ کا شکر ہے کہ عوام کے سامنے سرخرو ہوئے ہیں اور اب یہ اوچ نہر کبھی خشک نہیں رہے گی, مذکورہ نہر میں پانی کی مسلسل فراہمی کیلئے ورسک کے مقام پر بھاری مشینری نصب کی جا رہی ہے اور پانی کی منتقلی سے کوہ دامان کی پانچ یونین کونسلوں سمیت تمام ملحقہ علاقوں کی ہزاروں ایکڑ بنجر اراضی سیراب ہو گی.

صوبائی وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ افسوس کا مقام ہے کہ چند نام نہاد سیاستدانوں نے محض ذاتی و سیاسی مفادات کی خاطر یہاں کے عوام کو پانی جیسی نعمت سے جان بوجھ کر محروم رکھا اور اوچ نہر کو خشک ہی رہنے دیا لیکن اگر بات عوامی خدمت کی ہو تو پھر مسئلے مسئلے نہیں رہتے ہیں بلکہ ان کا حل نکالا جاتا ہے اور اسی بات کو تحریک انصاف کی موجودہ حکومت نے سچ ثابت کردیا ہی.

انہوں نے مزید کہا کہ صوبائی حکومت نیکوہ دامان کے علاقوں میں گیس کی فراہمی کیلئے 22 کروڑ روپے دئیے ہیں لیکن مسلم لیگ ن کی مرکزی حکومت رکاوٹ بنی ہوئی ہے اور اس معاملہ پر مسلم لیگ ن کے رہنما امیر مقام نے صوبائی حکومت کے ساتھ تین سال تک مقدمہ لڑا ہے اور جب این اے فور ضمنی انتخابات کا وقت آیا تو امیر مقام کو اس علاقے کے عوام کے حقوق یاد آگئے اور بجلی, گیس فراہمی کے منصوبوں کا افتتاح کرنا شروع ہو گئے لیکن ضمنی انتخابات میں بھاری شکست کے بعد اپنی افتتاحی تختیوں سمیت بھاگ گیا, یہی وہ منافقانہ سیاست ہے جس کی وجہ سے یہاں کے عوام امیر مقام کے دھوکہ میں نہیں آئے اور اسکو بھاری شکست سے دوچار کیا, شاہ فرمان نے اوچ نہر میں پانی کی منتقلی کے بڑے منصوبہ کے باقاعدہ افتتاح پر علاقے کے عوام کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ تحریک انصاف ایک ایسی جماعت ہے جس کو عوام کے حقوق یاد دلانے نہیں پڑتے ہیں اور نہ ہی کبھی تحریک انصاف نے عوام کے حقوق عوام پر بیچے ہیں, عوامی خدمت ہمارا نصب العین ہے اور اسی مقصد کے تحت صوبائی حکومت نے صوبہ بھر میں ترجیحات کی بنیاد پر ترقیاتی اقدامات یقینی بنائے ہیں.

متعلقہ عنوان :