وزارت تجارت کی جانب سے پاک۔چین آزادانہ تجارت کے معاہدہ سے متعلق چلنے والی خبر کی تردید

ایف ٹی اے سے متعلق دونوں ممالک کے مابین مذاکرات جاری ہیں ، مذاکرات میں تعطل سے متعلق خبر بے بنیاد اور حقائق کے منافی ہے،وزارت تجارت

منگل 16 جنوری 2018 21:23

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 جنوری2018ء) وزارت تجارت نے پاک۔چین آزادانہ تجارت کے معاہدہ (ایف ٹی ای) سے متعلق چلنے والی خبر کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایف ٹی اے سے متعلق دونوں ممالک کے مابین مذاکرات خوش اسلوبی سے جاری ہیں اور ایف ٹی اے سے متعلق مذاکرات میں تعطل سے متعلق خبر بے بنیاد اور حقائق کے منافی ہے۔

(جاری ہے)

وزارت تجارت سے جاری بیان کے مطابق دونوں ممالک کے درمیان ایف ٹی اے سے متعلق مذاکرات کا 8واں دور کامیابی سے مکمل ہو گیا ہے جس میں پاکستان کی قیادت سیکرٹری تجارت کر رہے تھے اور چین نے پاکستانی تحفظات دور کرنے کی مکمل یقین دہانی کرائی ہے۔

پاکستان کی طرف سے چین کو قائل کیا گیا ہے کہ ایف ٹی اے کے دوران پاکستان کی مقامی صنعت کو تحفظ فراہم کرنے کیلئے تعاون کیا جائے گا۔ مذاکرات کا آئندہ دور فروری 2018ء میں بیجنگ میں ہو گا۔ مذاکرات کے اس دور سے متعلق دونوں اطراف سے مشاورت اور تیاری جاری ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ایف ٹی اے سے متعلق گمراہ کن اور بے بنیاد خبر غلط فہمی پیدا کرنے کی کوشش ہے حالانکہ دونوں ممالک دوطرفہ بہترین تجارتی، ثقافتی، سفارتی اور معاشی تعلقات کے حامل ہیں اور اس خبر کا حقیقت سے کوئی تعلق نہیں اور وزارت تجارت ایسی خبر کی پرزور مذمت کرتی ہے۔

متعلقہ عنوان :