سٹون کرشنگ پلانٹس سیل کرنے کے کیخلاف سٹون ٹریڈرز ایسوسی ایشن کی احتجاجی ریلی

اگر25جنوری تک انتظامیہ نے کرش پلانٹ نہ کھولے تو گلوٹی کے مقام پر دھرنا دیکر کر ٹریفک کو جام کردینگے ‘ صدر ٹریڈرز ایسوسی ایشن کا خطاب

منگل 16 جنوری 2018 19:29

ڈیرہ اسماعیل خان(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 16 جنوری2018ء) سٹون کرشنگ پلانٹس سیل کرنے کے کیخلاف سٹون ٹریڈرز ایسوسی ایشن کا صدر حاجی دلجان خان مروت کی قیادت میں شورکوٹ سے حق نواز پارک تک بڑی احتجاجی ریلی اور حق نواز پارک میں جلسہ ‘ شرکاء کا ڈھول کی تھاپ رقص کرکے احتجاج ‘ ضلع ممبران اور سابق ممبر صوبائی اسمبلی کی اظہار یکجہتی کیلئے شرکت ‘ 25جنوری تک اگر انتظامیہ نے کرش پلانٹ نہ کھولے تو گلوٹی کے مقام پر دھرنا دیکر کر ٹریفک کو جام کردینگے ‘ صدر حاجی دلجان مروت ۔

تفصیلات کے مطابق 14دن سے ضلعی انتطامیہ کی طرف سے سٹون کرشنگ پلانٹس کو سیل کرنے کے خلاف سٹون ٹریڈرز ایسوسی ایشن نے اپنے احتجاج کا سلسلہ وسیع کرتے ہوئے شورکوٹ سے صدر حاجی دلجان خان مروت کی قیادت میں ایک بڑی ریلی نکالی جس میں تمام عہدیداران اور مزدوروں کی بڑی تعداد نے شرکت کی ‘ شرکاء نے ہاتھوں میں کتبے اور بینرز اٹھا رکھے تھے جس پر چیف سیکرٹری کے پی کے اور ضلعی انتظامیہ کے کرش پلانٹس سیل کرنے کے فیصلے کی مذمت کے الفاظ درج تھے ۔

(جاری ہے)

اس موقع پر ڈھول کی تھاپ پر مظاہرین نے انوکھا احتجاج کرتے ہوئے رقص کیا ‘ ریلی کی سیکورٹی کیلئے ڈی ایس پی سٹی ‘ ایس ایچ او کینٹ محمد عدنان اور ایس ایچ او سٹی محمد رمضان بلوچ کے علاوہ بڑی تعداد میں پولیس نفری ہمراہ تھی‘ بعدازاں ریلی حق نواز پارک پہنچ کر بڑے جلسے میں تبدیل ہو گئی ‘ جلسے سے ضلع ممبران ہارون اعوان ایڈوکیٹ ‘ مفتی حفیظ اللہ ‘ مظہر ایڈوکیٹ ‘ سرپرست مقبول بھٹی ‘ نائب صدر مطیع اللہ بابر ‘ حمید شاہ ‘ عزت گل ‘ خاور خان سمیت دیگر نے خطاب کیا جبکہ جلسہ میں ٹانک سے سابق ممبر صوبائی اسمبلی غلام قادر بیٹنی نے بھی شرکت کی اس موقع پر صدر حاجی دلجان خان مروت نے کہا کہ پی ٹی آئی خیبرپختونخواہ میں نئے پاکستان کے قیام کی بات کررہی ہے ‘ اگر ہمارے منہ سے نوالہ چھیننے کیلئے ہمارے کرش پلانٹ سیل کرنے سے نیا پاکستان بنایا جارہا ہے تو ہم کہتے ہیں کہ اس سے ہمارا پرانا پاکستان ٹھیک ہے ‘ سٹون ٹریڈرز رجسٹرڈ ہے ہر قسم کے ٹیکس دے رہے ہیں ‘ حکو مت کی طرف سے بتائے گئے ماڈل پر عمل کررہے ہیں لیکن عجیب بات ہے ہماری بات سننے والا کوئی نہیں ‘ عمران خان اس بات کا نوٹس لیں ورنہ اگر ہمارے سٹون کرشنگ پلانٹس کو نہ چالو کیا گیا تو ڈیرہ اسماعیل خان ‘ ٹانک اور لکی مروت کی سڑکوں کو بند کردینگے ‘ اس موقع پر ہارون اعوان ایڈوکیٹ نے کہا کہ آج عجیب نظام ہے ‘ وزیر سڑک پر ہے ضلعی انتظامیہ کا افسر دفتر میں موجود ہے ‘ چیف سیکرٹری خیبرپختونخواہ رانا ثناء اللہ بنا ہوا ہے ‘ ہمارا معاشرہ جانوروں کا معاشرہ لگ رہا ہے‘ انتظامیہ غریب مزدوروں پر ظلم بند کرے اور کرش پلانٹ چالو کروائے ۔

متعلقہ عنوان :