اسلام آباد پولیس کو ملک کی مثالی پولیس بنایا جائے گا ،ْسلطان اعظم تیموری

بدعنوانی کو روکنے میں تاجر برادری تعاون کرے،سیف سٹی پراجیکٹ کو مزید موثر بنایا جائے ،ْ شیخ عامر وحید

منگل 16 جنوری 2018 18:08

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 جنوری2018ء) اسلام آباد پولیس کے انسپکٹر جنرل ڈاکٹر سلطان اعظم تیموری نے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کا دورہ کیا اور تاجر برادری سے خطاب کرتے ہوئے اس عزم کا اظہار کہ کہ اسلام آباد پولیس کو ملک کی مثالی پولیس بنایا جائے گا تاکہ پولیس عوام کی خدمت کے جذبے سے سرشار ہو کر مسائل حل کرے اورعوام کو ریلیف فراہم کرے۔

انہوں نے کہا کہ پولیس کی کارکردگی کو بہتر کرنے کیلئے پانچ اقدار پر کام شروع کر دیا گیا ہے جن پر عمل درآمد سے عوام کو پولیس کے رویے اور کارکردگی میں مثبت تبدیلی نظر آئے گی۔ اقدار کی تفصیل بیان کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پہلی قدر پولیس میں عوام کی خدمت کا جذبہ پیدا کرنا ہے تا کہ عوام پولیس کو اپنا محافظ سمجھیں۔

(جاری ہے)

دوسری قدر پولیس کو عوام دوست بنانا ہے تا کہ عوام بلا جھجک اپنے مسائل پولیس کو بتا سکیں۔

تیسری قدر پولیس میں پروفیشنلزم کو فروغ دینا ہے تا کہ پولیس اپنی ذمہ داریوں سے بخوبی عہدہ برا ہو سکے۔ چوتھی قدر قانون کی حکمرانی قائم کرنا ہے تا کہ قانون سب کیلئے ایک ہو اور کسی میں یہ احساس نہ ہو کہ طاقتور کیلئے الگ اورکمزور کیلئے الگ قانون ہے۔ پانچوں قدر پولیس کو بدعنوانی سے پاک کرنا ہے ۔ انہوں نے تاجر برادری پر زور دیا کہ وہ بدعنوانی کو روکنے کیلئے ان کے ساتھ تعاون کریں اور اگر کوئی بھی پولیس والا رشوت مانگے تو اس کی نشاندہی کریں تاکہ اس کے خلاف ضروری قانونی کارروائی کی جائے۔

انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ کسی بھی رشوت خور کو پولیس میں برداشت نہیں کیا جائے گا۔ اپنی دوسری ترجیحات کا ذکر کرتے ہوئے ڈاکٹر سلطان اعظم تیموری نے کہا کہ اسلام آباد میں کل 22تھانے ہیں جن میں سے 7تھانوں کو اسی مہینے ماڈل تھانے کا درجہ دے دیا جائے گا جبکہ بتدریج تمام تھانوں کو مثالی تھانہ بنایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ تمام تھانوں کا ریکارڈ کمپیوٹرائز کر دیا گیا ہے اور ٹیکنالوجی کا استعمال بڑھا کر انوسٹی گیشن کے طریقہ کار کوجدید بنایا جا رہا ہے۔

انہوںنے کہا کہ پولیس اور عوام کے درمیان خلا دور کرنے کیلئے اور دونوں میں پارٹنرشپ کلچر کو فروغ دینے کیلئے کمیونٹی پولیس کو فروغ دیا جا رہا ہے کیونکہ کمیونٹی کے تعاون کے بغیر پولیس عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ نہیں کر سکتی۔ انہوں نے کہا کہ تاجر برادری سمیت معاشرے کے تمام طبقات کو کمیونٹی پولیس کا حصہ بنایا جائے گا۔ انہوںنے کہا کہ عدالتوں سے باہر تنازعات کے حل کیلئے مصالحتی کمیٹیوں کی تشکیل کی جائے گی اور جامع تفتیش کے بعد تمام طبقات کے نامزد افراد کو مصالحتی کمیٹیوں کا ممبر بنایا جائے گا تا کہ صاف ستھرے لوگ ان کمیٹیوں میں آ کر تعمیری کردار ادا کر سکیں۔

انہوں نے کہا کہ اسلام آباد کیلئے سٹیزن پولیس رابطہ کمیٹی کا قیام بھی زیر غور ہے۔انہوں نے کہا کہ ٹریفک کے نظام کو مزید بہتر کرنے کیلئے اسلام آباد میں سمارٹ ناکے بنائے جائیں گے اور سیف سٹی منصوبے کے تحت تمام خراب کیمروں کو ٹھیک کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی سے نمٹنے کیلئے انسداد دہشت گردی فورس اور دھرنوں سے نمٹنے کیلئے انسداد فساد فورس قائم کی جا رہی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ان تمام اقدامات پر عمل درآمد سے عوام اسلام آباد پولیس کی کارکردگی میں نمایاں تبدیلی دیکھیں گے۔ انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ تاجر برادری نے جن مسائل کی نشاندہی کی ہے ان کو حل کرنے کی پوری کوشش کی جائے گی اور تاجر برادری کو سازگار ماحول فراہم کرنے کی کوشش کی جائے گی تا کہ وہ پرسکون ماحول میں کاروباری سرگرمیوں کو فروغ دے سکیں۔

اپنے استقبالیہ خطاب میں اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر شیخ عامر وحید نے کہا کہ جب سے ڈاکٹر سلطان اعظم تیموری اسلام آباد پولیس کے انسپکٹر جنرل بنے ہیں پولیس کے شعبے میں کئی مثبت اقدامات دیکھنے میں آ رہے ہیں جو خوش آئند ہے۔ انہوں نے کہا کہ سیف سٹی منصوبے کے تحت تمام مارکیٹوں اور صنعتی علاقوں میں سیکورٹی کیمروں کی تعداد بڑھائی جائے اور تمام خراب کیمروں کو فوری ٹھیک کیا جائے جس سے امن و امان کو بہتر کرنے میں مدد ملے گی۔

انہوں نے کہا کہ سیف سٹی منصوبے کومزید فعال بنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ ناکوں پر ٹریفک رش کو کم سے کم کیا جائے ۔انہوں نے کہا کہ شہر کے باہر سے جب کوئی اسلام آباد میں آتا ہے تو ناکوں پر پولیس کا رویہ ان کے ساتھ مزید بہتر کرنے کی اشد ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ پولیس قانون کی حکمرانی پر عمل درآمد یقینی بنائے تو معاشرے کے بہت سے مسائل حل ہو جائیں گے۔

انہوںنے یقین دہانی کرائی کہ تمام مثبت کوششوں میں اسلام آباد چیمبر آف کامرس اسلام آباد پولیس کے ساتھ بھرپور تعاون کرے گا۔ اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے سینئر نائب صدر محمد نوید نے اسلام آباد پولیس کے انسپکٹر جنرل ڈاکٹر سلطان اعظم تیموری کو چیمبر کا دورہ کرنے اور تاجر برادری سے تبادلہ خیال کرنے پر ان کا شکریہ ادا کیا اور اس امید کا اظہار کیا کہ تاجر برادری نے جن مسائل کی طرف آئی جی پولیس کو توجہ دلائی ہے وہ ان کو فوری حل کرنے کیلئے مطلوبہ اقدامات اٹھائیں گے۔

فائونڈر گروپ کے چیئرمین خالد جاوید، عبدالرئوف عالم، طارق صادق، میاں اکرم فرید، زبیر احمد ملک، خالد اقبال ملک، ظفر بختاوری، میاں شوکت مسعود، اجمل بلوچ، خالد میاں، زاہد اللہ حبیبی، یوسف راجپوت، ضیا عباسی، چوہدری آصف اور محترمہ ناصرہ علی سمیت دیگر نے بھی پولیس سے متعلقہ مختلف مسائل کی نشاندہی کی اور اسلام آباد پولیس کے انسپکٹر جنرل ڈاکٹر سلطان اعظم تیموری سے ان کو حل کرنے کی درخواست کی۔

متعلقہ عنوان :