ْشارجہ کی تنظیم بگ ہارٹ فاؤنڈیشن نے پاکستان میں لڑکیوں کی تعلیم کیلئے 7 لاکھ ڈالرز کا عطیہ دیا

بگ ہارٹ فاؤنڈیشن، سوات میں ملالہ فنڈ کے اشتراک سے اسکول کی تعمیر کرے گی

منگل 16 جنوری 2018 17:43

دبئی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 جنوری2018ء) سماجی سرگرمیوں میں مصروف شارجہ کی تنظیم بگ ہارٹ فاؤنڈیشن نے پاکستان میں لڑکیوں کی تعلیم کے لیے 7 لاکھ ڈالرز کا عطیہ دیا ہے۔بگ ہارٹ فاؤنڈیشن، سوات میں ملالہ فنڈ کے اشتراک سے اسکول کی تعمیر کرے گی اس سلسلے میں آکسفورڈ، لندن میں بگ ہارٹ فاؤنڈیشن اور ملالہ فنڈ کے درمیان معاہدے پر دستخط کی تقریب ہوئی جس پر بگ ہارٹ فاؤنڈیشن کی ڈائریکٹر مریم الحمادی اور ملالہ فنڈ کی سی ای او فرح محمد نے دستخط کیے۔

(جاری ہے)

بگ ہارٹ فاؤنڈیشن کے مطابق رواں برس ماہ اپریل میں سوات میں اسکول کی تعمیر مکمل ہوجائے گی، جس میں سائنس لیبارٹری، لائبریری، کمپیوٹر لیب، تعلیم یافتہ اساتذہ اور دیگر سہولیات فراہم کی جائیں گی۔ملالہ یوسف زئی کے آبائی شہر سوات میں قائم کیے گئے اس اسکول میں 11 کمرہ جماعت ہوں گے جن میں 350 لڑکیاں تعلیم حاصل کرسکیں گی۔ اسکول کی تعمیر کے بعد بگ ہارٹ فاؤنڈیشن دو سال تک اسکول کے اخراجات بھی برداشت کرے گی۔بگ ہارٹ فاؤنڈیشن کی جانب سے تعلیمی امداد پر نوبیل انعام یافتہ ملالہ یوسف زئی نے شکریہ ادا کیا اور کہا کہ ان کا خواب پورا ہورہا ہے۔ملالہ کے مطابق اب سوات میں بھی لڑکیاں اپنی مرضی سے اپنا مستقبل بنا سکتی ہیں اور وہ اس حوالے سے بے حد خوش ہیں۔