پنجاب میں اریگیشن سیکٹر کی ترقیاتی سکیموں کو مکمل کرنے کیلئے 3ارب روپے سے زائد کی منظوری

منگل 16 جنوری 2018 17:07

پنجاب میں اریگیشن سیکٹر کی ترقیاتی سکیموں کو مکمل کرنے کیلئے 3ارب روپے ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 جنوری2018ء) حکومت پنجاب نے رواں مالی سال2017-18 کے دوران صوبائی محکمہ پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ کی صوبائی ڈویلپمنٹ ورکنگ پارٹی کی45ویںاجلاس میں اریگیشن سیکٹر کی3 ترقیاتی سکیموں کو مکمل کرنے کے لیے مجموعی طور پر3 ارب 61کروڑ 74 لاکھ 72ہزار روپے کی منظوری دیدی ۔

(جاری ہے)

اجلاس کی صدارت چیئرمین پی اینڈ ڈی نے کی جبکہ صوبائی محکمہ جات کے اعلی افسران ، اسسٹنٹ چیف (کوآرڈینیشن ) پی اینڈ ڈی حافظ محمد اقبال اور پنجاب پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ بورڈ کے ممبران نے شرکت کی۔

صوبائی ورکنگ پارٹی کی45ویں اجلاس میںجن 3 ترقیاتی سکیموں کی منظوری دی گئی ان میں قصور میں مین برانچ لوئر (ہیڈ ٹو ٹیل) کی تعمیر و مرمت اور بحالی کیلئے 87 کروڑ 32 لاکھ 40 ہزار روپے، شیخوپورہ میں ڈیگ ڈائیورژن چینل کی چینلائزیشن کیلئے 2 ارب 19 کروڑ 68 لاکھ 27 ہزار روپے اور لیہ تحصیل کروڑ لعل اسان میں موضع مونگر کے گردونواح کے مقام پر پبلک انفراسٹرکچر کے تحفظ کیلئے 54 کروڑ 74 لاکھ 5 ہزار روپے شامل ہیں۔

متعلقہ عنوان :