چین اور امریکہ کو ایک دوسرے کے کلیدی مفادات اور اہم تحفظات کا احترام کرنا چاہیے ، صدر شی

جزیرہ نما کوریامیں کچھ مثبت تبدیلیاں رونما ہوئی ہیں،مختلف فریقین کو مذاکرات کی بحالی کیلئے شرائط تیار کرنی چاہیں،چین امریکہ سمیت عالمی برادری کے ساتھ مل کر جزیرہ نما کوریا کے مسئلے میں پیش رفت کیلئے کوشش جاری رکھے گا ،چینی صدر امریکہ جزیرہ نما کوریا کے مسئلے پر چین کے اہم کردار کو اہمیت دیتا ہے، چین کے ساتھ رابطوں اور مشاورت کو مزید مضبوط بنائے گا، امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی چینی ہم منصب شی جن پنگ سے ٹیلی فونک گفتگو

منگل 16 جنوری 2018 14:50

بیجنگ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 16 جنوری2018ء) چینی صدر شی جن پنگ نے کہا ہے کہ چین اور امریکہ کو ایک دوسرے کے کلیدی مفادات اور اہم تحفظات کا احترام کرنا چاہیے ،جزیرہ نما کوریامیں کچھ مثبت تبدیلیاں رونما ہوئی ہیں،مختلف فریقین کو مذاکرات کی بحالی کے لیے شرائط تیار کرنی چاہیں،چین امریکہ سمیت عالمی برادری کے ساتھ مل کر جزیرہ نما کوریا کے مسئلے میں پیش رفت کے لیے کوشش جاری رکھے گا جبکہ ٹرمپ نے کہا کہ امریکہ جزیرہ نما کوریا کے مسئلے پر چین کے اہم کردار کو اہمیت دیتا ہے اور چین کے ساتھ رابطوں اور مشاورت کو مزید مضبوط بنائے گا۔

چائنہ ریڈیو انٹرنیشنل کے مطابق چینی صدر شی جن پنگ نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے ساتھ ٹیلی فونک بات چیت کی جس میں صدر شی نے نشاندہی کی کہ گزشتہ ایک سال میں چین امریکہ تعلقات مجموعی طور پر مستحکم رہے ہیں اور اہم پیش رفت ہوئی ہے۔

(جاری ہے)

فریقین کو ایک ہی سمت کا تعین کرتے ہوئے احترام اورباہمی تعاون پر توجہ مرکوز کرنی چاہیئے ۔حساس مسائل کو تعمیری نوعیت سے حل کیا جانا چاہیئے،ایک دوسرے کے کلیدی مفادات اور اہم تحفظات کا احترام کیا جانا چاہیئے تاکہ چین امریکہ تعلقات کی صحتمندانہ اور مستحکم ترقی کے رجحان کو برقرار رکھا جائے۔

انہوںنے جزیرہ نما کوریا کی صورتحال کے حوالے سے کہا کہ اس علاقے میں کچھ مثبت تبدیلیاں رونما ہوئی ہیں ۔مختلف فریقین کو اس مثبت رجحان کو برقرار رکھتے ہوئے مذاکرات کی بحالی کے لیے شرائط تیار کرنی چاہیں۔جزیرہ نما کوریا کو ایٹمی اسلحے سے پاک رکھنا اور اس علاقے کا امن و امان مختلف فریقین کے مشترکہ مفادات سے مطابقت رکھتا ہے۔اس امور کے حوالے سے عالمی اتحاد کا تحفظ بہت اہم ہے۔

چین امریکہ سمیت عالمی برادری کے ساتھ مل کر جزیرہ نما کوریا کے مسئلے میں پیش رفت کے لیے کوشش جاری رکھے گا۔ اس موقع پر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ امریکہ چین کے ساتھ تعلقات اور تعاون کو بڑی اہمیت دیتا ہے۔امریکہ چین کے ساتھ مل کر مختلف سطحوں کے رابطوں کو مضبوط بناتے ہوئے حقیقت پسندانہ تعاون کو وسعت دینے پر تیار ہے تاکہ دوطرفہ تعلقات کو مزید فروغ دیا جائے ۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ جزیرہ نما کوریا کے مسئلے پر چین کے اہم کردار کو اہمیت دیتا ہے اور چین کے ساتھ رابطوں اور مشاورت کو مزید مضبوط بنائے گا۔