مسلم لیگ(ن) کی حکومت عوام کی خدمت کے مشن پر گامزن ہے ،رانا اقبال ہرناہ

پیر 15 جنوری 2018 23:09

سیالکوٹ ۔15جنوری(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 جنوری2018ء)پاکستان مسلم لیگ(ن) کے رکن صوبائی اسمبلی حلقہ پی پی121رانا اقبال ہرناہ نے کہا ہے کہ مسلم لیگ(ن) کی حکومت عوام کی خدمت کے مشن پر گامزن ہے ۔ حکومت نے سابق وزیر اعظم محمد نواز شریف کے مشن کو جاری رکھا ہوا ہے ۔ ترقیاتی منصوبے ہر صورت مکمل کئے جائیں گے اور لوگوں کو بنیادی سہولیات ان کی دہلیز پر مہیا کی جا رہی ہیں ۔

وزیر اعلیٰ پنجاب شہبازشریف نے صاف دیہات پروگرام شروع کر کے دیہی علاقوں سے گندگی ختم کی ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ(ن) کی حکومت میگا منصوبوں کو بہت جلد مکمل کر رہی ہے ۔ سی پیک خطہ میں گیم چینجرز ثابت ہو گا ۔ سی پیک منصوبے کی کامیابی سے مخالفین پریشان ہیں اور پراپیگنڈہ کے تحت غیر یقینی سیاسی صورتحال کے نتیجہ میں سی پیک پر چینی سرمایہ کاری روکنے کی افواہیں اڑا کر اپنی خفت مٹانے کی کوشش کر رہے ہیں ۔ انہوں نے مزید کہا کہ حکومت عوام کے حقوق کی محافظ ہے ۔مخالفین قوم کی ترقی کے لئے مسلم لیگ(ن) کا ساتھ دیں تا کہ پاکستان کو خوشحال اور ترقی یافتہ ملک بنا کر اقوام عالم میں اپنا وقار بلند کریں ۔