پاکستان اور عمان سی پیک کو افریقہ تک لے جانے میں مددگار بن سکتے ہیں، سی پیک علاقائی تعاون کا کامیاب منصوبہ ہے

وفاقی وزیر داخلہ احسن اقبال کا مسقط میں عالمی بحری تجارت کی بین الاقوامی کانفرنس سے خطاب

پیر 15 جنوری 2018 23:08

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 جنوری2018ء) وفاقی وزیر داخلہ، منصوبہ بندی و ترقی احسن اقبال نے پیر کو مسقط میں عالمی بحری تجارت کی بین الاقوامی کانفرنس سے خصوصی خطاب کیا اور سی پیک کے گیم چینجر منصوبہ کے اہم خدوخال پر روشنی ڈالی۔

(جاری ہے)

یہاں موصولہ پریس ریلیز کے مطابق وزیر داخلہ احسن اقبال نے اس موقع پر اپنے خطاب میں کہا کہ پاکستان اور عمان سی پیک کو افریقہ تک لے جانے میں مددگار بن سکتے ہیں، سی پیک علاقائی تعاون کا کامیاب منصوبہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کی معیشت تیزی سے ترقی کر رہی ہے اور ایشیاء ترقی کا مرکز بن چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان چین، وسطی ایشیاء اور مشرق وسطی کے درمیان پل کا کردار ادا کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ گوادر بندرگاہ کو عمان کی بندرگاہوں سے جوڑا جانا چاہئے، پاکستان اور عمان کے درمیان جغرافیائی، تاریخی اور عوام کے عوام سے گہرے روابط ہیں۔ احسن اقبال نے کہا کہ پاکستان بدل چکا ہے اور سرمایہ کاروں کی توجہ کا مرکز بن چکا ہے۔