گورنر سندھ سے میئر کراچی وسیم اختر کی گورنرہاؤس میں ملاقات

ملاقات میں کراچی ترقیاتی پیکج کے ضمن میں ہونے والی پیش رفت ،وفاق کے تعاون سے شہر میںجاری ترقیاتی منصوبوں گرین لائن ، لیاری ایکسپریس وے ، کے فور منصوبے اور اہمیت حامل کے دیگر امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا پاکستان کی اقتصادی شہ رگ کراچی کی ترقی و خوشحالی حکومت کی اولین ترجیح ہے ،امن و امان کے قیام کے بعد سماجی شعبہ کی ترقی اور صنعتی علاقوں میں انفرااسٹرکچر پر بھرپور توجہ دی جا رہی ہے جس سے مثبت نتائج حاصل ہورہے ہیں، گورنر سندھ

پیر 15 جنوری 2018 22:55

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 15 جنوری2018ء) گورنر سندھ محمد زبیر سے میئر کراچی وسیم اختر نے گورنر ہاؤس میں ملاقات کی۔ ملاقات میں کراچی ترقیاتی پیکج کے ضمن میں ہونے والی پیش رفت ،وفاق کے تعاون سے شہر میںجاری ترقیاتی منصوبوں گرین لائن ، لیاری ایکسپریس وے ، پینے کے صاف پانی کے منصوبے کے فور اور ر اہمیت حامل کے دیگر امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

ملاقات میں عزم ظاہر کیا کہ شہر کی ترقی و خوشحالی اور صنعتی علاقوں میں انفرااسٹرکچر کی ترقی و بحالی ہر صورت یقینی بنا ئیں گے اور وفاق کے تعاون سے کراچی میں خوشحالی یقینی ہے۔گورنر سندھ نے کہا کہ پاکستان کی اقتصادی شہ رگ کراچی کی ترقی و خوشحالی حکومت کی اولین ترجیح ہے ،امن و امان کے قیام کے بعد سماجی شعبہ کی ترقی اور صنعتی علاقوں میں انفرااسٹرکچر پر بھرپور توجہ دی جا رہی ہے جس سے مثبت نتائج حاصل ہورہے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ وفاق کے تعاون سے جاری منصوبوں کی تکمیل سے عوام کو معیار سہولیات حاصل ہو سکیں گی ، گرین لائن منصوبہ کی تکمیل سے شہریوںکو جدید دور کی سہولیات حاصل ہو نگی ، لیاری ایکسپریس وے منصوبہ مکمل کرلیا گیا ہے ،منصوبہ کے افتتاح کے لئے وزیر اعظم رواں ماہ کراچی کا دورہ کرینگے ، منصوبہ کی تکمیل سے شہر میں ٹریفک کی روانی بہتر ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ شہر کے دیرینہ مسئلہ پینے کے صاف پانی کی فراہمی کے لئے کے فورمنصوبہ پر تیزی سے کام جاری ہے اس کی تکمیل سے شہر یوں کو اضافی پانی بھی میسر آئے گا اس وقت وفاق کے تعاون سے کراچی میں 75 ارب روپے کی خطیر رقم سے ترقیاتی کام جاری ہیں۔ ملاقات میں میئر کراچی وسیم اختر نے کہا کہ شہر کی ترقی و خوشحالی میں گورنر سندھ کا کردار مثالی ہے ، وفاقی حکومت شہر کی ترقی کے لئے بھرپور تعاون فراہم کررہی ہے ، شہر کی ترقی کے لئے وفاق کا بھرپور تعاون اور ترقیاتی پیکج کو شہری قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔