کراچی کے ترقیاتی منصوبوں میں غیرملکی سرمایہ کاری کا رجحان خوش آئند ہے، میئر کراچی وسیم اختر

پیر 15 جنوری 2018 22:44

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 جنوری2018ء) میئر کراچی وسیم اختر نے کہا ہے کہ کراچی کے ترقیاتی منصوبوں میں غیرملکی سرمایہ کاری کا رجحان خوش آئند ہے، متحدہ عرب امارات کے تاجروں کی کراچی کے منصوبوں میںدلچسپی کا خیر مقدم کرتے ہیں،پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان بھائی چارگی اور دوستی کے رشتے قائم ہیں جو وقت کے ساتھ مزید مستحکم ہونگے، آبادی میں مسلسل اضافے کی وجہ سے کراچی میں بلدیاتی سہولیات کی فراہمی ایک چیلنج بن چکی ،شہر کی تعمیر و ترقی کے لئے متعدد منصوبوں پر کام جاری ہے جس کے مستقبل میں بہترین نتائج برآمد ہوں گے،یہ بات انہوں نے ملاقات کے لئے آئے ہوئے متحدہ عرب امارات کے سفیر حماد عبید الزیبی سے بات چیت کرتے ہوئے کہی، اس موقع پر کراچی میں متحدہ عرب امارات کے قونصل جنرل نصر اویدن القطوی بھی موجود تھے، قبل ازیں متحدہ عرب امارات کے سفیر اور قونصل جنرل کی کے ایم سی بلڈنگ آمد پر میئر کراچی وسیم اختر نے انہیں خوش آمدید کہا، بعدازاں ملاقات کے دوران کراچی کی تعمیر و ترقی سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا، میئر کراچی نے UAE کے سفیر کو کراچی کے مختلف ترقیاتی منصوبوں پر بریفنگ دی اور پروجیکٹس کی تجاویز پیش کیں، متحدہ عرب امارات کے سفیر حماد عبید الزیبی نے کہا کہ موجودہ بلدیاتی قیادت کی کراچی کو جدید سہولیات سے آراستہ کرنے کی کوششیں قابل تحسین ہیں، UAE کی مختلف ریاستوں کے تاجر اور صنعتکار کراچی کے ترقیاتی منصوبوں میں دلچسپی رکھتے ہیں اور یہاں سرمایہ کاری کرنا چاہتے ہیں، موجودہ دورے میں کراچی کے متعلق حاصل ہونے والی معلومات متحدہ عرب امارات کے تاجروں تک پہنچائیں گے، انہوں نے امید ظاہر کی کہ کراچی میں بلدیاتی قیادت کی طرف سے شہریوں کو بہتر سہولیات کی فراہمی کے لئے کی جانے والی کاوشیں کامیابی سے ہمکنار ہوں گی اور کراچی کے شہریوں کو بھی دیگر میگا سٹیز کے ہم پلہ سہولیات دستیاب ہوسکیں گی، میئر کراچی وسیم اختر نے کہا کہ اپنی منفرد جغرافیائی حیثیت اور بین الاقوامی ہوائی اڈا اور بندرگاہیں رکھنے کی وجہ کراچی کو خطے میں اہم تجارتی مرکزکی حیثیت حاصل ہے، مشرقی وسطیٰ کے ممالک اور وسطی ایشیائی ریاستوں سے رابطے کا بھی بہترین ذریعہ ہے ، مستقبل میں کراچی کے لئے شہر ایشیا میں تجارتی و صنعتی میدان میں بہت زیادہ ترقی کے مواقع موجود ہیں، انہوں نے کہا کہ کراچی کے بنیادی انفراسٹرکچر کو بتدریج ترقی دی جارہی ہے تاکہ یہاں سرمایہ کاری کرنے والے تاجروں اور صنعتکاروں کو سہولت ملے اور کراچی کے شہریوں کو روزمرہ کے مسائل سے نجات مل سکے، انہوں نے کہا کہ کراچی میں قائم صنعتی زون ملک کی تعمیر و ترقی میں اہم کردارا دا کر رہے ہیں اور یہ شہر ملکی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے۔

متعلقہ عنوان :