پاکستان کوبلائنڈ ورلڈ کپ فائنل کی میزبانی سے محروم رکھنے کیلئے بھارت کی نئی چال

بھارتی ٹیم کے فائنل میں پہنچنے کے باعث فیصلہ کن معرکہ لاہور کی بجائے شارجہ میں ہو گا

پیر 15 جنوری 2018 22:28

پاکستان کوبلائنڈ ورلڈ کپ فائنل کی میزبانی سے محروم رکھنے کیلئے بھارت ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 جنوری2018ء) بھارت نے روایتی ہٹ دھرمی کا مظاہرہ کرتے ہوئے پاکستان کوبلائنڈ ورلڈ کپ فائنل کی میزبانی سے محروم رکھنے کے لئے چال چل دی ، بھارتی ٹیم کے فائنل میں پہنچنے کے باعث فیصلہ کن معرکہ لاہور کی بجائے شارجہ میں ہو گا۔

(جاری ہے)

ورلڈ کپ کے جاری کیے گئے اولین شیڈول کے مطابق فائنل 21جنوری کو لاہور میں رکھا گیا تھا تاہم بھارتی حکومت کی جانب سے اپنی ٹیم پاکستان بھجوانے سے انکار کے بعد بلائنڈ کرکٹ کونسل کی جانب سے نئے شیڈول میں یہ واضح کیا گیا کہ اگر پاکستان اور بھارت کی ٹیمیں فائنل میں پہنچیں اور بھارتی حکومت نے ٹیم کو پاکستان آنے کی اجازت نہ دی تو فائنل پہلے سے جاری کردہ شیڈول سے ایک روز قبل شارجہ میں ہو گا۔

بھارتی ٹیم کو اجازت ملنے یا کسی اور ٹیم کے فائنل میں آنے کی صورت میں فائنل21 جنوری کو لاہور میں رکھا گیا، میگا ایونٹ میں بھارت اور پاکستان کی ٹیموں کی فائنل میں شرکت یقینی نظر آ رہی ہے جس کے بعد بھارت نے چال بازی سے کام لیتے ہوئے فائنل 20جنوری کو شارجہ میں رکھوا دیا ہے۔