5ارکان اسمبلی پر اپنے دوستوں اور اپوزیشن جماعتوں کی مدد وتعاون سے بلوچستان میں حکومت قائم کرکے ثابت کیا مسلم لیگ زندہ وتابند ہ ہے،

آنیوالادور بھی ہمارا ہی ہوگا ،چوہدری پرویز الٰہی کا وزراء ،ایم پی ایز ،سینیٹرز سے خطاب بلوچستان پہلے بھی مسلم لیگ کا گھر تھا اور آئندہ بھی رہے گا،وزیراعلی بلوچستان میرعبدالقدوس بزنجو

پیر 15 جنوری 2018 22:27

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 جنوری2018ء) پاکستان مسلم لیگ کے مرکزی رہنماء اور سابق وزیراعلی پنجاب چوہدری پرویز الہی نے کہاہے کہ ہم نے 5ارکان اسمبلی پر اپنے دوستوں اور اپوزیشن جماعتوں کی مدد وتعاون سے بلوچستان میں حکومت قائم کرکے یہ ثابت کیاکہ پاکستان مسلم لیگ زندہ وتابند ہ ہے اور آنیوالادور بھی ہمارا ہی ہوگا مسلم لیگ بلوچستان کے عوام کے دل کی آواز ہے ۔

یہ بات انہوںنے پیر کے روز وزیراعلی ہائوس بلوچستان میںپاکستان مسلم لیگ کے وزراء ،ایم پی ایز ،سینیٹرز اور پارٹی کے سینئر رہنمائوں اورورکرز سے خطاب کرتے ہوئے کہی ۔اس موقع پر وزیراعلی بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو ،پارٹی کے صوبائی صدر شیخ جعفر خان مندوخیل ،مرکزی جنرل سیکرٹری طارق چیمہ ،سینئر رہنماء سعید احمد ہاشمی ،سینیٹر کامل علی آغا ،سینیٹر روبینہ عرفان ،امان اللہ نوتیزئی ،رقیہ ہاشمی ودیگر بھی موجود تھے ۔

(جاری ہے)

چوہدری پرویز الہی نے کہاکہ مشکل ترین وقت میں مسلم لیگ کو بلوچستان میں زندہ رکھنے اور آج اس مقام پر پہنچانے پر میں اور پارٹی کے مرکزی صدر چوہدری شجاعت حسین مسلم لیگ بلوچستان کے صدر شیخ جعفرخان مندوخیل ،جنرل سیکرٹری میر عبدالکریم نوشیروانی ،وزیراعلی بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو اور سینئر رہنماء سعید احمد ہاشمی اور دیگر تمام کو مبارکباد دیتے ہیں ۔

انہوں نے کہاکہ مسلم لیگ (ن) سمیت تمام اپوزیشن جماعتوں کے بھی شکر گزار ہیں کہ انہوں نے اس شاندار کامیابی میں مرکزی کردار ادا کیا اور ہم نے دس سال اپوزیشن میں گزارے لیکن آج اللہ تعالی کے ممنون ہیں کہ انہوں نے کرم کرتے ہوئے ہمیں یہ خوشی نصیب کرائی ہے کہ 5ارکان پر ہمیں یہ اعزاز ملا جس پر سب حیران ہیں اور یہ پاکستان کی تاریخ میں پہلی بار ہوا ہے ہمارے جماعت کے پاس بلوچستان میں حکومت آگئی ہے اور وقت بھی بہت کم ہے لہذا مید ہے کہ ہمارے نوجوان وزیراعلی بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو ،شیخ جعفر خان مندوخیل اور سعید احمد ہاشمی سمیت دیگر ملکر شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے خوشحال اور پرامن بلوچستان کی بنیاد رکھیں گے اور مسلم لیگ کو بلوچستان میں منظم وفعال بنائیں گے اور جن جماعتوں نے ہمیں ووٹ دیا ہے انکی توقعات پر پورا اتریں گے ماضی کی روایات کی نفی کرتے ہوئے ان تمام دوستوں وجماعتوں کو ساتھ لیکر چلیں گے ۔

چوہدری پرویز الہی نے کہاکہ بلوچستان کے ساتھ ہماری خاندانی محبت ہے اور یہ محبت رہے گی ہم بلوچستان کو ترقی یافتہ اور خوشحال دیکھنا چاہتے ہیں اور ہم دوستوں کیساتھ ملکر اس مقصد کیلئے کام کریں گے ۔انہوں نے کہاکہ جس طرح ہم نے بلوچستان میں حکومت بنائی میں واضح کرتاہوں کہ اس کے اثرات پورے ملک پرپڑیں گے اور ہم نے اب انقلاب برپا کرنا ہے ۔

اس موقع پر وزیراعلی بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو نے کہاکہ بلوچستان پہلے بھی مسلم لیگ کا گھر تھا اور آئندہ بھی رہے گا جن لوگوں کا خیال تھاکہ بلوچستان میں ق لیگ ختم ہوگئی ہے اب ان کو یاد ہوکہ ایسا نہیں ہے او ریہ صرف خواب ہوسکتا ہے ہم نے دوبارہ سر اٹھالیا ہے بلوچستان کا یہ انقلاب پاکستان بھر پر اثر انداز ہوگا ۔پہلے ہمیں حکومت میں رہتے ہوئے مشکلات تھیں، مسلم لیگ کے بجائے دوسروں کو نوازا جارہاتھا مگر ہم نے یہ عہد کیاہے کہ ہم اس امتیازی روایت کو ختم کریں گے اور سب کو بھر پور اندازمیں ساتھ لیکر چلیں گے ۔

وزیراعلی بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو نے کہاکہ اس انقلاب میں ہمارے صوبائی صدر شیخ جعفر خان مندوخیل اور سینئر رہنماء سعید احمد ہاشمی نے بھر پور کردار ادا کیا ۔سعید احمد ہاشمی ہم سب کیلئے ایک استاد کی حیثیت رکھتے ہیں ہم ان کے شاگرد ہیں اور ان سے سب کچھ سکیں گے ۔وزیراعلی بلوچستان نے کہاکہ مدت کم ہے لہذا ان تمام چیلنجز کا ہم ڈٹ کر مقابلہ کریں گے بلوچستان کے عوام کو پرامن بلوچستان دیں گے جبکہ ترقی کے سفر کو مزید تیز تر کریں گے اور صوبے میں قومی سوچ کو پروان چڑھائیں گے ۔

اس موقع پر مرکزی سیکرٹر ی جنرل طارق چیمہ ،صوبائی صدر شیخ جعفرخان مندوخیل اور جنرل سیکرٹری میر عبدالکریم نوشیروانی نے کہاکہ مسلم لیگ بلوچستان میں عوام کے امنگوں کی ترجمان ہے ہم نے ہر دورمیں صوبے میں مسلم لیگی سوچ کو پروان چڑھایا ہے اور آج خوشی کا مقام ہے کہ بلوچستان میں حکومت کی قیادت نوجوان وزیراعلی بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو کررہے ہیں مسلم لیگ کو صوبے میں یکجا فعال او رمنظم رکھنا اور گوادر سے لیکر ژوب تک اسے عوام کی امنگوں کے مطابق عوامی جماعت بنانے کو اولین ترجیح دیں گے ۔پارٹی کارکن ریڑھ کی ہڈی ہے ان پر مکمل توجہ دی جائے گی ۔