پولیس گردی ،جبر پر مبنی شریفوںکا اقتدار آخری ہچکولے لے رہا ہے ،لاہور کا جلسہ شہبازشریف کی رخصتی کا باعث بنے گا‘ آصف زرداری

ماڈل ٹائون کے شہیدوں کا خون رائیگاں نہیں جائیگا ،شریفوںکو اقتدارچھوڑنا پڑے گا، جیالے 17جنوری کے احتجاج میں بھرپور شرکت کریں بلاول ہائوس لاہور میں مشاورتی اجلاس کی صدارت ، قمر زمان کائرہ نے بریفنگ دی ، یوسف رضا گیلانی ، مخدوم احمد محمود کی بھی ملاقات قوم کو شہداء کی قربانیوں پر فخر ہے‘سابق صدر کی بھارتی فوج کی جانب سے ایل او سی پر بلااشتعال فائرنگ کی شدید مذمت ، شہیداء کو خراج عقیدت پیش

پیر 15 جنوری 2018 22:26

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 جنوری2018ء) پاکستان پیپلزپارٹی پارلیمنٹیرینز کے سربراہ و سابق صدر آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ پولیس گردی اورجبر پر مبنی شریفوںکا اقتدار آخری ہچکولے لے رہا ہے ،لاہور کا جلسہ شہبازشریف کی رخصتی کا باعث بنے گا، ماڈل ٹائون کے شہیدوں کا خون رائیگاں نہیں جائیگا اور شریفوںکو اقتدارچھوڑنا پڑے گا۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز لاہور پہنچنے پر بلاول ہائوس لاہور میں 17جنوری کے احتجاج کے حوالے سے مشاورتی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا ۔ پیپلز پارٹی وسطی پنجاب کے صدر قمر زمان کائرہ نے انتظامات کے حوالے سے بریفنگ دی۔ اجلاس میں پنجاب کے سیکرٹری جنرل چوہدری منظور احمد،لاہور کے صدر حاجی عزیز الرحمن چن ،عثمان ملک، رانا عرفان احمد ،امجد جٹ،چوہدری عاطف اور دیگر نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

اس موقع پر آصف علی زرداری نے ہدایت کی کہ لاہور اور پنجاب کے جیالے بہت بڑی تعداد میں جلسہ گاہ پہنچیں۔ انہوں نے کہا کہ سانحہ ماڈل ٹائون پر مزید انتظار نہیں کر سکتے ،شہباز شریف اور رانا ثناء اللہ عہدے چھوڑ کر خود کو احتساب کیلئے پیش کریں ۔سابق صدر آصف علی زرداری سے سابق وزیر اعظم سید یوسف رضا گیلانی اور سابق گورنر پنجاب مخدوم احمد محمود نے بھی ملاقات کی جس میں موجودہ سیاسی صورتحال ، 17جنوری کے احتجاج اور پارٹی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔

علاوہ ازیں سابق صدر آصف علی زرداری نے بھارتی فوج کی جانب سے لائن آف کنٹرول پر بلااشتعال فائرنگ کی شدید مذمت کرتے ہوئے فائرنگ کے نتیجے میں شہید ہونے والے پاک فوج کے جوانوں کو خراج عقیدت پیش کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وطن عزیز کے دفاع اور سلامتی کیلئے اپنی قیمتی جانوں کا نذرانہ دینے والے پاک فوج کے افسران اور جوان قوم کے ہیرو ہیں اور قوم کو ان شہداء کی قربانیوں پر فخر ہے۔ وزیراعلیٰ نے شہداء کے لواحقین سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا ہے۔