Live Updates

منظم اور بھرپور احتجاج ہو گا،بڑی برائی ختم ہوگئی ، اب اگلا نعرہ ’’گوشہبازگو‘‘ہوگا ‘عبدالعلیم خان

قومی و صوبائی حلقوں کو ذمہ داریاں تفویض، پنڈال کو بھرنا پی ٹی آئی کی ذمہ داری ہے ‘صدر تحریک انصاف سنٹرل پنجاب

پیر 15 جنوری 2018 22:24

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 جنوری2018ء) تحریک انصاف نی17جنوری کے مال روڈ کے احتجاج کیلئے بھرپور تیاری اور زیادہ سے زیادہ کارکنوں کی شرکت کا فیصلہ کیا ہے اور سینٹرل پنجاب کی10اضلاع کے قومی و صوبائی اسمبلی کے حلقوں کی سطح پر ممکنہ امیدواروںکو ذمہ داریاں تفویض کر دی ہیں ۔پی ٹی آئی سینٹرل پنجاب کے منعقدہ اہم مشاورتی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے صدر عبدالعلیم خان نے کہا ہے کہ آل پارٹیز کانفرنس کا مشترکہ فیصلہ ہونے کے باوجود اگر عمران خان وہاں خطاب کریں گے تو جلسہ گاہ کو بھرنا پی ٹی آئی کی ذمہ داری ہے اور انشاء اللہ ہمارے کارکن منظم اور بھرپور طریقے سے اس احتجاج میں شریک ہوں گے ۔

انہوں نے کہا کہ بڑی برائی ختم ہو گئی اب اگلا نعرہ"گو شہباز گو"ہے اور انشاء اللہ یہ ٹارگٹ بھی بہت جلد حاصل ہو گا۔

(جاری ہے)

عبدالعلیم خان نے کہا کہ عمران خان نے جو کر دکھایا وہ کسی کے وہم و گمان میں بھی نہیں تھا اب وہ نا اہل وزیر اعظم اپنے ایک وزیر اعلیٰ کو بچانے کیلئے ہاتھ پاؤں مار رہا ہے اسے بلوچستان میں ناکامی ہوئی تو پنجاب میں بھی کامیاب نہیں ہو سکے گا ۔

عبدالعلیم خان نے کہا کہ پی ٹی آئی کے کارکن گزشتہ4برسوں سے احتجاج میں شریک ہیں ہمارا پنڈال مکمل طور پر چارج ہوتا ہے اور 17جنوری کو بھی زندہ دلان لاہور ثابت کریں گے کہ اب تبدیلی آ چکی ہے اور عوام نا اہل حکمرانوں کو کسی قیمت پر قبول نہیں کریں گے اور اپنے کپتان کا بھرپور ساتھ دیں گے۔ عبدالعلیم خان نے کہا کہ تحریک انصاف اس احتجاج کو اپنا احتجاج سمجھتی ہے کیونکہ ماڈل ٹاؤن میں مارے جانے والے پاکستان کے بے گناہ شہری تھے جن کا خون کسی قیمت پر رائیگاں نہیں جائے گا۔

اجلاس میں سینٹرل پنجاب کے مختلف اضلاع سے پارٹی قائدین و مقامی رہنماؤں نے بڑی تعداد میں شرکت کی جن میں سردار آصف احمد علی ، چوہدری امیر حسین ، شوکت بھٹی ، چوہدری سرور،محمود الرشید ، ڈاکٹر یاسمین راشد ،اعجاز چوہدری، اراکین پنجاب اسمبلی شعیب صدیقی ،میاں اسلم اقبال ،ڈاکٹر مراد راس اور دیگر رہنماؤں جمشیداقبال چیمہ،ظہیر عباس کھوکھر اور خواتین کی بڑی تعداد بھی اس موقع پر موجود تھی ۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات