محمد یاسین ملک کا گرفتار کشمیری تاجر بلال احمد کاوا کے اہلخانہ کے ہمراہ سرینگر کی پریس کالونی میں احتجاجی مظاہرہ ، رہائی کا مطالبہ

بھارتی پولیس جموں وکشمیر اور بھارت میں معصوم کشمیریوں کو گرفتار اور ہراساں کررہی ہے، حریت رہنماء

پیر 15 جنوری 2018 22:22

سرینگر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 جنوری2018ء) مقبوضہ کشمیر میں جموں وکشمیر لبریشن فرنٹ کے چیئرمین محمد یاسین ملک نے گرفتار کشمیری تاجر بلال احمد کاوا کے اہلخانہ کے ہمراہ سرینگر کی پریس کالونی میں احتجاجی مظاہرہ کرتے ہوئے ان کی رہائی کا مطالبہ کیاہے۔ کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق محمد یاسین ملک نے اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے بلال کی گرفتاری کو بھارتی پولیس کی طرف سے انعامات اور ترقی حا صل کرنے کا ذریعہ قراردیا۔

یاسین ملک نے جنہوں نے بلال کاوا کے اہلخانہ سے اظہار یکجہتی کے لیے احتجاج میں شرکت کی کہاکہ وہ سمجھنے سے قاصر ہیں کہ گزشتہ کئی سالوں سے دہلی میں کاروبار کرنے والا شخص راتوں رات کیسے دہشت گرد بن گیا۔انہوںنے واقعے کے بیس سال بعد کاوا کی گرفتاری پر سوال اٹھاتے ہوئے کہا کہ کشمیر میں ان کے خلاف کوئی ایف آئی آر درج نہیں ہے اورنہ دہلی پولیس نے کبھی بلال کو کسی کیس میںمطلوب قراردیا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ بھارتی پولیس جموں وکشمیر اور بھارت میں معصوم کشمیریوں کو گرفتار اور ہراساں کررہی ہے۔ انہوں نے بلال احمد کاوا کی فوری رہائی کا مطالبہ کیا جن کو بھارتی پولیس نے 10جنوری کو نئی دہلی میں گرفتار کیا تھا۔ بلال کاوا کے اہلخانہ نے کہا کہ بھارتی ذرائع ابلاغ نے کشمیریوں کے خلاف پروپیگنڈا کرنے کی تمام حدیں پار کرلی ہیں۔انہو ںنے کہاکہ 30سالہ بلال کاروبار کے سلسلے اکثر دہلی جایا کرتا تھاجہا ں ہمارا اپنا فلیٹ ہے اور اس دفعہ وہ علاج کے سلسلے میں دہلی گیا تھا۔

احتجاج کے دوران بلال کی والدہ فاطمہ بیگم نے سوال کیا کہ بلال کو 17سال پرانے کیس میں کیوں گرفتارکیا گیا۔ فاطمہ نے جن کے شوہر 1987ء میں انتقال کرگئے ہیں، کہا کہ بلال خاندان کا واحد کفیل ہے اور وہی میری تمام ضروریات پوری کرتا ہے ۔انہوںنے کہاکہ وہ بے گناہ ہے اوروہ مجھے واپس چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ بلال ایک خوشحال زندگی گزار رہا تھااور چمڑے کے کاروبارکے ذریعے روزی روٹی کماتا ہے ۔ انہوںنے کہا کہ ان کے سامان سے صرف کشمیری روٹی اور سبزی برآمد کی گئی ہے۔ دریں اثناء حریت رہنما یاسمین راجہ نے سرینگر میں ایک بیان میںبلال احمد کاوا کی گرفتاری کی مذمت کی ہے ۔ انہو ںنے کشمیر ی عوام سے مقبوضہ علاقے میں آئندہ نام نہادپنچایت انتخابات کا مکمل بائیکاٹ کرنے کی اپیل کی ۔