محکمہ صحت نے ڈرگ انسپکٹرز اور ڈی ڈی اوز ہیلتھ کو باربر شاپس، سیلون اور بیوٹی پارلرز چیک کرنے کے اختیارات دے دیئے،

فیصلہ ہیپاٹائٹس کے بڑھتے ہوئے مرض کی روک تھام کے لئے کیا گیا

پیر 15 جنوری 2018 21:33

گوجر خان ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 جنوری2018ء) محکمہ صحت پنجاب نے ڈرگ انسپکٹرز اور ڈی ڈی او ہیلتھ کو باربر شاپس سیلون اور بیوٹی پارلرز چیک کرنے کے اختیارات دے دیئے ۔فوری عمل در آمد کے لئے نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا ہے۔فیصلہ ہیپاٹائٹس کے بڑھتے ہوئے مرض کی روک تھام کے لئے کیا گیا۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق محکمہ صحت پنجاب نے صوبہ بھر میں تحصیل سطح پر تعینات تمام ڈرگ انسپکٹرز کو فوری طور پر خصوصی اختیارات جاری کر دیئے ہیں جن کے تحت وہ باربر شاپس سیلون اور بیوٹی پارلرز کو حفظان صحت کے اصولوں کے تحت چیک کرنے کے مجاز ہوں گے اس ضمن میں محکمہ پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر کے نوٹیفکیشن نمبر( HCP) SO(C&C)1-12/2016 کا حوالہ دیتے ہوئے کہا گیا ہے کہ صوبائی حکومت نے یہ فیصلہ ہیپاٹائٹس سی کی روک تھام کے لئے کیا ہے گوجر خان میں تعینات ڈرگ انسپکٹر میر عالم ستون نے اس ضمن میں بتایا کہ باربر شاپس سیلون اور بیوٹی پارلرز کا کام کرنے والے فوری طور پر چیف ایگزیکٹو ہیلتھ راولپنڈی کے دفتر واقع خیابان سر سید راولپنڈی میں اپنی رجسٹریشن کرائیں تا کہ بعد ازاں انھیں کوئی پریشانی نہ ہو میر عالم ستون کا کہنا تھا کہ عوام کا معیار زندگی حفظان صحت کے اصولوں کے مطابق بنانے کے لئے اس قسم کی تمام جگہوں کو چیک کیا جائے گا جن کا تعلق براہ راست صحت عامہ سے ہے۔