قائداعظم ا ور تحریک پاکستان کی تاریخی دستاویزات پر مبنی قائداعظم پیپرز (اُردو) کی نویں جلد شائع ہوگئی

یکم جنوری1940ء سے 30ستمبر1948ء تک کے تحریک پاکستان کے سال کتابی شکل میں جمع ہوگئے، عرفان صدیقی ’پاکستان کے حق میں فیصلہ‘ کے عنوان سے اردوترجمہ کے ساتھ دسویں جلد بھی طباعت کے لیے تیار ہے،ارشادات قائداعظم پر مشتمل کتاب پشتوترجمہ کے ساتھ شائع کردی۔ دیگر علاقائی زبانوں میں بھی ترجمہ کیاجائے گا،مشیر وزیراعظم برائے قومی تاریخ وادبی ورثہ تحریک آزادی کے مشاہیرکے بارے مستند تاریخ جمع کرنا قومی فرض ہے۔ قیمتی ورثہ کی قوم کو فراہمی کے لئے جامع اقدامات کئے جا رہے ہیں ، گیارہ جلدوں کا اردو زبان میں ترجمہ مکمل کرلیاگیا، صحافیوں سے گفتگو

پیر 15 جنوری 2018 21:12

قائداعظم ا ور تحریک پاکستان کی تاریخی دستاویزات پر مبنی قائداعظم پیپرز ..
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 15 جنوری2018ء) بانی پاکستان محمد علی جناح اور تحریک پاکستان کے بارے میںمستند تاریخی دستاویزات سے مرتب ہونے والی کتاب’مصالحت اور جدوجہدآزادی‘ کے عنوان سے شائع ہوگئی ۔ اردو زبان میں ترجمہ کے ساتھ یہ نادر کتاب قائداعظم اکیڈمی کے زیرانتظام شائع کی گئی ہے۔ قائداعظم پیپرز کے نام سے قیام پاکستان کی بے مثل تحریک کو قلم بند کرنے کا سلسلہ کئی برس سے جاری ہے جس کے تحت اب تک 18جلدیں انگریزی زبان میں شائع ہوچکی ہیں۔

یہ بات وزیراعظم کے مشیر برائے قومی تاریخ وادبی ورثہ عرفان صدیقی نے پیر کو یہاںصحافیوں سے گفتگو میں بتائی ۔ انہوں نے کہا کہ بابائے قوم قائداعظم محمد علی جناح کی زندگی، سیاسی سفر، تحریک پاکستان کے مختلف مراحل اور مشاہیرکے تاریخی کردار کی کہانی مستندتاریخی ریکارڈ سے جمع کی جارہی ہے۔

(جاری ہے)

’نیشنل آرکائیو‘ میں موجود تاریخی اور مستند دستاویزات کی مدد سے علمی تحقیق کے ذریعے تاریخ محفوظ کی جارہی ہے۔

یکم جنوری1940ء سے 30ستمبر1948ء تک کے تحریک پاکستان کے سال ان جلدوںمیں اب تک جمع کئے جاچکے ہیں۔ عرفان صدیقی نے بتایا کہ گیارہ جلدوں کا اردو زبان میں ترجمہ بھی مکمل کرلیاگیا ہے جبکہ اردو ترجمہ کے ساتھ آٹھ جلدیں کتابی صورت میں شائع بھی کردی گئی ہیں۔ اب تازہ ترین نویں جلد نے بھی اشاعت کا مرحلہ مکمل کرلیا ہے جو خوش آئند ہے۔ ’پاکستان کے حق میں فیصلہ‘ کے عنوان سے اردوترجمہ کی دسویں جلد طباعت کے مرحلے میںہے۔

ایک سوال پر عرفان صدیقی نے کہاکہ انگریزی زبان میں انیسویں جلد ’دی جرنی ٹو پاکستان‘ (The Journey to Pakistan) اوربیسویں جلد ’اسیسی نیشن اٹیمپٹ آن جناح‘ (Assasination Attempt on Jinnah)کے عنوانات سے آئندہ سال شائع ہوں گی۔ مشیر وزیراعظم نے کہاکہ تحریک آزادی اور مشاہیرپاکستان سے متعلق مستندتاریخی موادجمع کرنا قومی فرض ہے۔ پوری قوم بالخصوص نوجوان نسل تک اس قیمتی ورثہ کی فراہمی کے لئے جامع اقدامات کئے جارہے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ ارشادات قائداعظم پر مشتمل کتاب پشتوترجمہ کے ساتھ کتابی شکل میں شائع کی گئی ہے۔یہ ترجمہ پشاور یونیورسٹی کے پروفیسر راج ولی شاہ خٹک نے کیا ہے۔ اس کتاب کامرحلہ وار دیگر علاقائی زبانوں میں بھی ترجمہ کیاجائے گا تاکہ فرمودات قائد سے پوری قوم راہنمائی حاصل کرسکے۔ ۔