اسلام آباد ہائی کورٹ کاپولیس کو امریکی خفیہ ایجنسی سی آئی اے کے خلاف مقدمہ بحال کرنے کا حکم

Mian Nadeem میاں محمد ندیم پیر 15 جنوری 2018 19:28

اسلام آباد ہائی کورٹ کاپولیس کو امریکی خفیہ ایجنسی سی آئی اے کے خلاف ..
اسلام آباد(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔15 جنوری۔2018ء) اسلام آباد ہائی کورٹ نے وفاقی دارالحکومت کی پولیس کی طرف سے امریکی خفیہ ادارے سی آئی اے کے اہلکاروں کے خلاف درج کیے جانے والے مقدمے کے اخراج کو کالعدم قرار دیتے ہوئے اسے بحال کرنے کا حکم دیا ہے۔جسٹس شوکت عزیز صدیقی کی سربراہی میں عدالتِ عالیہ کے ایک بینچ نے اسلام آباد پولیس کے حکام کو ہی ملزمان کے خلاف تحقیقات مکمل کرنے کا حکم دیا ہے۔

تھانہ سیکرٹریٹ نے عدالتی حکم پر ہی مئی 2015 میں پاکستان میں سی آئی اے کے سٹیشن کمانڈر جوناتھن بینکس اور ڈرون حملوں کے بارے میں امریکی سی آئی اے کے قانونی مشیر جان اے ریزو کے خلاف قتل اور انسداد دہشت گردی کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا تھا۔ جنوبی وزیر ستان کے رہائشی عبدالکریم نے 2010 میں درخواست دی تھی جس میں کہا گیا تھا کہ 31 دسمبر 2009 کو امریکی ڈرون حملے کے نتیجے میں اس کا بھائی اور بیٹا ہلاک ہوگئے تھے اور یہ ڈرون حملہ مذکورہ ملزمان کے حکم پر کیا گیا تھا۔

(جاری ہے)

اس درخواست کی سماعت کے دوران جسٹس شوکت عزیز صدیقی نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ اگر عدالت غیر قانونی اقدام پر پاکستانی خفیہ اداروں کے اہلکاروں کی سرزنش کرسکتی ہے تو پھر امریکی سی آئی اے کے حکام کے خلاف غیر قانونی اقدامات پر کارروائی کیوں نہیں کی جاسکتی۔عدالت نے اپنے حکم میں اسلام آباد پولیس سے کہا ہے کہ وہ ملزمان کے خلاف تفتیش مکمل کرے اور ان کے خلاف کارروائی کے لیے تمام ممکنہ اقدامات کرے۔

متعلقہ عنوان :