عوام کو سہولیات کی فراہمی میں نجی ادارے فعال کردار ادا کر رہے ہیں، گورنر سندھ

پیر 15 جنوری 2018 20:49

عوام کو سہولیات کی فراہمی میں نجی ادارے فعال کردار ادا کر رہے ہیں، گورنر ..
کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 جنوری2018ء) گورنر سندھ محمد زبیر نے کہا ہے کہ زچہ و بچہ کی نگہداشت کے لئے بروقت طبی سہولیات کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے اس ضمن حکومت کے ترجیحی اقدامات اہم ثابت ہورہے ہیں ، دور دراز کے علاقوں ، گائوں ، دیہات اور قصبوں میں حکومت کے ساتھ ساتھ نجی ادارے بھی فعال کردار ادا کررہے ہیں ، روٹری کلب کے متعدد ذیلی ادارے پاکستان میں انسانیت کی خدمت کے عزم سے سرشار بلا تفریق خدمات انجام دینے میں سرفہرست ہیں۔

پیر کو جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق ان خیالات کا اظہار انہوں نے روٹری کلب کی جانب سے روٹری کلب کراچی انڈس ویلی کو چارٹر دیئے جانے کی تقریب سے خطاب میں کیا ۔ اس موقع پر روٹری کلب 3271 سندھ بلو چستا ن کے ڈسٹرکٹ گورنر اویس احمد کو ہاری اور روٹری کلب کراچی انڈس ویلی کے صدر ڈاکٹر ہیرا لعل لوہانہ سمیت دیگر بھی موجود تھے ۔

(جاری ہے)

گورنر سندھ نے کہا کہ روٹری کلب 3271 سندھ و بلوچستان میں تعلیم اور صحت کی فراہمی میں نمایاں کردار ادا کرنے والے اداروں میں سرفہرست ہے، روٹری کلب مختلف امراض کی تشخیص ، طبی سہولیات ، ماں اور بچہ کی نگہداشت ، معاشی اور کمیونٹی ترقی ، پینے کے صاف پانی و نکاسی ، امن اور تنازعات کے حل میں قابل قدر خدمات انجام دے رہا ہے با الخصوص پولیو کے خاتمہ میں روٹری کلب کا کام قابل ستائش ہے ، نجی ادارے با الخصوص روٹری کلب عوام کو بلا تفریق خدمت کے لئے اپنا وقت ، پیشہ ،تجربہ اور مہارت فراہم کررہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ 2013 ء کے حالات انتہائی خراب تھے ، امن و امان کی ابتر صورتحال اور انرجی بحران نے عوام کا جینا محال کردیا تھا لیکن موجودہ حکومت نے اپنے وژن کے مطابق عوام کو امن و امان اور طلب سے زائد انرجی فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ معاشی استحکام ، خوشحالی ، سیاسی ، سماجی ، ثقافتی اور کھیلوں کی سرگرمیاں فراہم کیں ، موجودہ حالات سرمایہ کاری کے لئے انتہائی آئیڈیل ہیں یہی وجہ ہے کہ غیر ملکی سرمایہ کاری میں تسلسل سے اضافہ ہو رہا ہے ، نئی صنعتوں کے قیام ، تجارتی سرگرمیوں میں اضافہ اور نجی سیکٹر کے فعال کردار سے لوگوں کو روزگار کے مواقع حاصل ہو رہے ہیں جس سے غربت کے خاتمہ میں مدد مل رہی ہے ۔

انہوں نے کہا کہ کراچی پاکستان کی معاشی شہ رگ کو جدید خطوط پر ترقی دینے اور اسے عالمی معاشی نقشہ پر نمایاں مقام دلانے کے لئے موجودہ حکومت ہر ممکن تعاون ، مدد اور معاونت فراہم کررہی ہے اس ضمن میں سی پیک کی تکمیل سے کراچی عالمی تجارتی منڈی بن جائے گا ،منصوبہ میں 34 ارب ڈالرز کی تخمینی لاگت سے انرجی کے متعدد منصوبے تعمیر کئے جا رہے ہیں ، اب وہ دن دور نہیں جب معاشی ، تجارتی ، اقتصادی اورسماجی سرگرمیوں میں ریکارڈ اضافہ سے بیرون ممالک سے لوگ کراچی میں روزگار کی تلاش کے لئے آیا کرینگے ۔

انہوں نے کہا کہ عوام کو صحت کی معیاری سہولیات کی فراہمی کے لئے حکومت اور روٹری کلب مل کر کام کررہے ہیں اس ضمن میں روٹری کلب کو حکومت کا مکمل تعاون ، مدد اور معاونت حاصل رہے گی ۔ اس موقع پر اپنے خطاب میں اویس احمد کو ہاری ، ہیرا لعل لوہانہ اور عبد المجید ابدانی نے روٹری کلب کی تاریخ ، مقاصد ، خدمات اور مستقبل کے منصوبوں پر تفصیلی روشنی ڈالی۔

متعلقہ عنوان :