5.5فیصد کی شرح سے ترقی کرتی پاکستانی معیشت ،نقل و حمل اور ٹرانسپورٹ سمیت مختلف شعبہ جات میں وسیع کاروباری مواقع پیش کرتی ہے،

پاک۔چین اقتصادی راہداری نے نہ صرف پاکستان بلکہ پورے خطہ کیلئے اقتصادی مواقع کی نئی راہیں کھولی ہیں وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کی انٹرنیشنل فیڈریشن آف فریٹ فارورڈرز ایسوسی ایشنز کے وفد سے گفتگو

پیر 15 جنوری 2018 19:40

5.5فیصد کی شرح سے ترقی کرتی پاکستانی معیشت ،نقل و حمل اور ٹرانسپورٹ سمیت ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 جنوری2018ء) وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ تقریباً 5.5 فیصد کی شرح نمو کے ساتھ ترقی کرتی ہوئی پاکستانی معیشت ،نقل و حمل اور ٹرانسپورٹ سمیت مختلف شعبہ جات میں وسیع کاروباری مواقع پیش کرتی ہے، پاک۔چین اقتصادی راہداری نے نہ صرف پاکستان بلکہ پورے خطہ کیلئے اقتصادی مواقع کی نئی راہیں کھولی ہیں جنہیں مساوی فوائد حاصل کرنے کیلئے بروئے کار لایا جانا چاہئے۔

انہوں نے یہ بات انٹرنیشنل فیڈریشن آف فریٹ فارورڈرز ایسوسی ایشنز (ایف آئی اے ٹی ای) کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہی جس نے اپنے صدر بابر بادات کی قیادت میں پیر کو وزیراعظم آفس میں ان سے ملاقات کی۔ وزیر مملکت صنعت و پیداوار سردار محمد ارشد خان لغاری بھی اس موقع پر موجود تھے۔

(جاری ہے)

وفد میں ایسوسی ایشن کے سابق صدر ہو چیانگ ژائو، رابرٹ اے وولٹ مین، فرانسسکو ایس پریسی، آئیون پیٹرووف، بیسل پیٹریسن، ترگت ارکسکن اور ہانس گنتھر شامل تھے۔

وزیراعظم نے وفد کا پاکستان میں خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ تقریباً 5.5 فیصد کی شرح نمو کے ساتھ پاکستان کی ترقی کرتی ہوئی معیشت نقل و حمل اور ٹرانسپورٹ کے شعبہ سمیت مختلف شعبہ جات میں وسیع کاروباری مواقع پیش کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ 1800 کلومیٹر سے زائد کی 6 لین کی موٹرویز اور دیگر شاہرات اور ایکسپریس ویز کے اضافہ سے پاکستان کے شاندار شاہراتی ڈھانچہ کو لاجسٹکس کمپنیاں نہ صرف ترقی کرتی ہوئی معیشت کے مقامی تقاضوں بلکہ پورے خطہ کی متعلقہ ضروریات کو پورا کرنے کیلئے بروئے کار لا سکتی ہیں۔

وزیراعظم نے کہا کہ سی پیک منصوبہ کی کامیاب تکمیل کے بعد پاکستان بالخصوص خشکی میں گھرے ہوئے افغانستان اور وسطی ایشیائی ریاستوں کیلئے وسیع تر علاقائی تجارت اور رابطہ کا محور بننے کیلئے تیار ہے۔ انہوں نے کہا کہ سی پیک نے نہ صرف پاکستان بلکہ پورے علاقہ کیلئے مواقع کی نئی راہیں کھولی ہیں، ان اقتصادی مواقع کو مساوی فوائد حاصل کرنے کیلئے بروئے کار لایا جانا چاہئے۔

بابر بادات اور ان کے وفد نے کہا کہ ان کی تنظیم پاک۔چین اقتصادی راہداری منصوبہ کے تحت بہت بڑے شاہراتی انفراسٹرکچر کی تعمیر کے بعد پیدا ہونے والے وسیع کاروباری مواقع کے پیش نظر پاکستان میں اپنی سرگرمیوں کو وسعت دینے میں دلچسپی رکھتی ہے۔ وزیراعظم نے وفد کو یقین دلایا کہ حکومت ملک میں منافع بخش کاروباری منصوبوں میں ایف آئی اے ٹی اے کو ہر ممکنہ معاونت فراہم کرے گی۔