ایک دن کاروبار بند ہونے سے کم وبیش چار ارب روپے کے کاروبار کاہرج ہوتا ہے‘ تاجر تنظیموں کا مال روڈ پر احتجاج سے روکنے کیلئے ہائیکورٹ میں درخواست دائر کرنے کا اعلان

طاہر القادری کے انتشار ،فساد کے آگے ہر صورت بند باندھا جائے،پنجاب حکومت کو بھرپور طاقت کا استعما ل کرنے کی ضرورت ہے ہائیکورٹ کے فیصلے کا احترام کرتے ہوئے طاہر القادری اپنا احتجاج مال روڈ ریڈ زون سے باہر ناصر باغ لے جائیں‘ نعیم میر و دیگر کی پریس کانفرنس

پیر 15 جنوری 2018 19:12

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 جنوری2018ء) تاجر تنظیموں نے طاہر القادری و دیگر سیاسی جماعتوں کو مال روڈ پر احتجاج سے روکنے کے لئے آج ( منگل ) لاہور ہائیکورٹ میں درخواست دائر کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایک دن کاروبار بند ہونے سے کم وبیش چار ارب روپے کے کاروبار کاہرج ہوتا ہے،حکومت پنجاب کو ریڈ زون کی پابندی کروانے کیلئے بھر پور طاقت کو استعما ل کرنے کی ضرورت ہے ۔

ان خیالات کا اظہار آل پاکستان انجمن تاجران کے مرکزی سیکرٹری جنرل نعیم میر نے لاہور پریس کلب میں چیئرمین پیاف شیخ عرفان اقبال ، فیڈریشن آف چیمبر کے رہنما میاں وقار، ،آل پاکستان انجمن تاجران کے صدر اشرف بھٹی، مال روڈ ٹریڈرز ایسوسی ایشن کے صدرسہیل محمود بٹ و دیگر تاجر تنظیموں کے ہمراہ ہنگامی پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

نعیم میر نے کہا کہ آئین کا آرٹیکل 18 کسی بھی شہری کو اپنا کاروبار جاری رکھنے کا تحفظ فراہم کرتا ہے۔

جسٹس اعجاز چوہدری نے 2011ء میں ہماری آئینی پٹیشن پر اسی وجہ سے مال روڈ پر ہر قسم کے جلسے جلوسوں پر پابندی لگا دی تھی۔ اب حکومت پنجاب کو ریڈ زون کی پابندی کروانے کے لیے بھر پور طاقت کو استعما ل کرنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ طاہر القادری کے انتشار اور فساد کے آگے ہر صورت بند باندھا جائے۔ انہوں نے تاجروں کے وفد کے ہمراہ طاہر القادری سے ملاقات پر آمادگی ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ سانحہ ماڈل ٹائون کے شہداکے ساتھ انصاف کے لئے ہر ممکن تعاون کرنے کے لیے تیار ہیں۔

طاہر القادری ہائی کورٹ کے فیصلے کا احترام کرتے ہوئے اپنا احتجاج مال روڈ ریڈ زون سے باہر ناصر باغ لے جائیں۔ انہوں نے جسٹس باقر نجفی کی مبہم رپورٹ کو فساد کی جڑ قرار دیا اور چیف جسٹس آف پاکستان سے اپیل کی کہ ہائی کورٹ کے مذکورہ بالا فیصلے کی خلاف ورزیوں پر نوٹس لیا جائے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ایک دن کاروبار بند ہونے سے 50 ہزار سے زیادہ تاجر متاثر ہوتے ہیں اور کم وبیش چار ارب روپے کے کاروبار کاہرج ہوتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ وہ آج ( منگل ) لاہور ہائیکورٹ میں درخواست دائر کرنے جارہے ہیں جس میں استدعا کی جائے گی کہ طاہر القادری و دیگر سیاسی جماعتوں کو مال روڈ پر اجتجاج سے روکا جائے۔اس درخواست میں پیمرا کو بھی پارٹی بنایا جائے گا تاکہ مال روڈ پر ہونے والے غیر قانونی اجتجاج کی میڈیا کوریج کو روکا جاسکے۔