موجودہ دور حکومت میں اسلام آباد میں ایک کھوکھا بھی الاٹ نہیں ہوا ،

قواعد کے برخلاف بنا ئے جانے والے کھوکھوں کو منسوخ کیا گیا ہے‘ سی ڈی اے کے تحت ناجائز تجاوزات کے خلاف کارروائی ہو رہی ہے وزیر مملکت برائے کیڈ ڈاکٹر طارق فضل چوہدری کا وقفہ سوالات کے دوران اظہار خیال

پیر 15 جنوری 2018 18:49

موجودہ دور حکومت میں اسلام آباد میں ایک کھوکھا بھی الاٹ نہیں ہوا ،
اسلام آباد۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 جنوری2018ء) وزیر مملکت برائے کیڈ ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے ایوان کو بتایا ہے کہ موجودہ حکومت کے دور میں اسلام آباد میں ایک کھوکھا بھی الاٹ نہیں ہوا ہے اور قواعد کے برخلاف بنایا جانے والے کھوکھوں کو منسوخ کیا گیا ہے‘ سی ڈی اے کے تحت ناجائز تجاوزات کے خلاف کارروائی ہو رہی ہے۔

(جاری ہے)

پیر کو قومی اسمبلی میں وقفہ سوالات کے دوران امیر اللہ مروت‘ شاہدہ اختر علی اور زہرہ ودود کے سوالات کے جوابات میں وزیر مملکت نے ایوان کو بتایا کہ موجودہ دور حکومت میں اسلام آباد میں ایک بھی کھوکھا الاٹ نہیں ہوا بلکہ قواعد کے برعکس بنائے گئے کھوکھوں کو منسوخ کیا گیا ہے۔

انہوں نے ایوان کو بتایا کہ تجاوزات پورے اسلام آباد کا سنگین مسئلہ ہے اور حالیہ مردم شماری میں بھی اس کی تصدیق ہوئی ہے۔ ہم چابکدستی سے کام کر رہے ہیں۔ انہوں نے ایوان کو بتایا جی 12 اور ایف 12 کی صورتحال الگ ہے۔ دونوں سیکٹروں میں اراضی کے حصول میں مشکلات کا سامنا ہے اور یہ دونوں سیکٹر مکمل طور پر سی ڈی اے کی دسترس میں نہیں۔ انہوں نے بتایا کہ جی 12 میں اراضی کے حصول کے مسئلے کے حل کے لئے ایک فارمولا بنایا گیا ہے جس کے تحت 4 کنال کی زمین رکھنے والے افراد کو ایک کنال کا مکمل ڈویلپ پلاٹ دیا جائے گا۔