امریکہ بھارت کو کشیدگی بڑھانے کے ہتھکنڈوں کو روکنے اور تحمل کا مشورہ دے،سیکرٹری خارجہ

افغانستان سے تعلقات کی بہتری کیلئے افغان مہاجرین کی جلد واپسی ضروری ہے، دہشت گردی کے خلاف جامع اقدامات سے پورے خطے میں امن و استحکام آئے گا، پاک افغان سرحد کے انتظامی طریقہ کار کو مضبوط ہونا چاہیے، تہمینہ جنجوعہ افغانستان کے استحکام کے مشترکہ مفادات کیلئے پاکستان کے ساتھ مل کر کام کرنا چاہتے ہیں، امن کیلئے پاکستان کے اقدامات قابل تعریف ہیں، افغانستان کیلئے حکمت عملی کی کامیابی میں پاکستان کی حمایت ناگزیر ہے قائمقام امریکی معاون وزیرخارجہ ایلیس ویلز کی سیکرٹری خارجہ تہمینہ جنجوعہ سے ملاقات میں گفتگو

پیر 15 جنوری 2018 18:27

امریکہ بھارت کو کشیدگی بڑھانے کے ہتھکنڈوں کو روکنے اور تحمل کا مشورہ ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 15 جنوری2018ء) سیکرٹری خارجہ تہمینہ جنجوعہ نے کہا ہے کہ امریکہ بھارت کو کشیدگی بڑھانے کے ہتھکنڈوں کو روکنے اور تحمل کا مشورہ دے،افغانستان سے تعلقات کی بہتری کیلئے افغان مہاجرین کی جلد واپسی ضروری ہے، دہشت گردی کے خلاف جامع اقدامات سے پورے خطے میں امن و استحکام آئے گا، پاک افغان سرحد کے انتظامی طریقہ کار کو مضبوط ہونا چاہیے، قائمقام امریکی معاون وزیرخارجہ ایلیس ویلز نے کہا کہ افغانستان کے استحکام کے مشترکہ مفادات کیلئے پاکستان کے ساتھ مل کر کام کرنا چاہتے ہیں، امن کیلئے پاکستان کے اقدامات قابل تعریف ہیں، افغانستان کیلئے حکمت عملی کی کامیابی میں پاکستان کی حمایت ناگزیر ہے۔

پیر کو سیکرٹری خارجہ تہمینہ جنجوعہ سے امریکی نائب ویزر ایلیس ویلز نے ملاقات کی۔

(جاری ہے)

ملاقات میں امریکی سلامتی کونسل کے سینئر حکام اور امریکی سفیر ڈیوڈہیل بھی موجود تھے۔ ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق دورہ دوطرفہ اور علاقائی تعاون کے تسلسل کا حصہ ہے۔ سیکرٹری خارجہ تہمینہ جنجوعہ نے کہا کہ اقدامات کے نتیجے میں پاکستان میں امن و امان کی صورتحال بہتر ہوئی ہے، دہشت گردی کے خلاف جامع اقدامات سے پورے خطے میں امن و استحکام آئے گا، پاکستان اور امریکہ کے تعلقات باہمی اعتماد اور احترام کی فضائ میں آگے بڑھنے چاہئیں۔

سیکرٹری خارجہ نے پاکستان کے خلاف افغان سرزمین کے استعمال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاک افغان سرحد کے انتظامی طریقہ کار کو مضبوط ہونا چاہیے، نظام کی مضبوطی سے سرحد کے آرپار نقل و حرکت سے متعلق تحفظات دور ہوں گے، افغانستان سے تعلقات کی بہتری کیلئے افغان مہاجرین کی جلد واپسی اہم ہے، انہوں نے خطے میں امن و استحکام کے فروغ کیلئے عزم کرتے ہوئے بھارتی آرمی چیف کے غیر ذمہ دارانہ بیان کی طرف توجہ دلائی۔

انہوں نے کہا کہ امریکہ بھارت کو کشیدگی بڑھانے کے ہتھکنڈوں کو روکنے اور تحمل کا مشورہ دے۔ اس موقع پر ایلیس ویلز نے کہا کہ پاکستان اور امریکہ کے دوطرفہ تعلقات اہمیت کے حامل ہیں، افغانستان کے استحکام کے مشترکہ مقاصد کیلئے پاکستان کے ساتھ مل کر کام کرنا چاہتے ہیں، افغانستان کیلئے حکمت عملی کی کامیابی میں پاکستان کی حمایت ناگزیر ہے، پاکستان کے ساتھ معلومات کے تبادلے کیلئے تعاون مضبوط بنانے کی ضرورت ہے،افغانستان کے پر امن حل کیلئے علاقائی ملکوں کا تعاون ضروری ہے، امن کیلئے پاکستان کے اقدامات قابل تعریف ہیں۔