تاریخی، علمی اور ادبی اداروں کی مثالی کارکردگی قابلِ تحسین ہے ، یہ معاشرے میں امن، اخوت اور خیر سگالی کے جذبات کو فروغ دینے کے لئے نہایت اہمیت رکھتے ہیں

صدر مملکت ممنو ن حسین کی مشیر وزیراعظم عرفان صدیقی سے ملاقات میں گفتگو

پیر 15 جنوری 2018 18:27

تاریخی، علمی اور ادبی اداروں کی مثالی کارکردگی قابلِ تحسین ہے ، یہ ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 15 جنوری2018ء) صدر مملکت ممنون حسین نے کہا ہے کہ قومی تاریخ و ادبی ورثہ ڈویڑن کے تحت کام کرنے والے تاریخی، علمی اور ادبی اداروں کی مثالی کارکردگی قابلِ تحسین ہے جو معاشرے میں امن، اخوت اور خیر سگالی کے جذبات کو فروغ دینے کے لئے نہایت اہمیت رکھتے ہیں۔ یہ بات صدرِ مملکت ممنون حسین نے قومی تاریخ و ادبی ورثہ ڈویڑن کے لیے وزیراعظم کے مشیر عرفان صدیقی سے گفتگو کرتے ہوئے کہی جنہوں نے پیر کو ایوانِ صدر میں صدر مملکت سے ملاقات کی۔

صدر نے کہا کہ علم وادب معاشرے کی ذہنی اور روحانی نشوونما کے لیے نہایت اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ اس کے ساتھ ساتھ اپنے تاریخی ورثہ کی حفاظت اور اپنے مشاہیر کے کارناموں سے واقفیت نوجوان نسل کو بہتر قومی کردار ادا کرنے کے لیے تیار کرتی ہے۔

(جاری ہے)

صدر نے کہا کہ قومی تاریخ و ادبی ورثہ ڈویڑن کے زیر اہتمام چلنے والے اداروں نے گذشتہ کچھ عرصے میں نہایت قابل قدر کردار ادا کیا ہے۔ انہوں نے مشیر وزیر اعظم کی خدمات کو سراہتے ہوئے توقع ظاہر کی کہ ان اداروں کی فعالیت اور کارکردگی کو مزید بہتر بنایا جائے گا۔ اس موقع پر عرفان صدیقی نے قومی تاریخ و ادبی ورثہ ڈویڑن کے زیر اہتمام چلنے والے تاریخی ، علمی اور ادبی اداروں کی کارکردگی سے صدر مملکت کو آگاہ کیا۔

متعلقہ عنوان :