وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو کی قیادت میں بلوچستان کرپشن فری صوبہ بنے گا، چوہدری پرویز الٰہی

وزیراعلیٰ کے انتخاب میں ووٹ دینے اور تحریک عدم اعتماد میں حمایت جمعیت علماء اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمن ،بلوچستان نیشنل پارٹی مینگل،عوامی نیشنل پارٹی ،سینیٹر میر اسرار اللہ زہری اور پاکستان مسلم لیگ (ن)کے اراکین اسمبلی کے مشکور ہیں،بلوچستان اسمبلی اپنی آئینی مدت پوری کریگی، ہم ماضی کی طرف دیکھنے اورکسی پر نکتہ چینی کی بجائے بلوچستان کے حالات میں بہتری اور عوام کو صحت وتعلیم کی بنیادی سہولیات کی فراہمی کے ساتھ صوبے کے دیرینہ مسائل کے حل کے لیے تمام وسائل بروئے کارلائیں گے، سابق وزیراعلیٰ پنجاپ و پاکستان مسلم لیگ (ق)کے مرکزی رہنما چوہدری پرویز الٰہی اور وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو کی پریس کانفرنس

پیر 15 جنوری 2018 17:48

وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو کی قیادت میں بلوچستان کرپشن ..
کوئٹہ۔15 جنوری(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 جنوری2018ء) سابق وزیراعلیٰ پنجاپ و پاکستان مسلم لیگ (ق)کے مرکزی رہنما چوہدری پرویز الٰہی نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو کی قیادت میں بلوچستان کرپشن فری صوبہ بنے گا، وزیراعلیٰ کے انتخاب میں ووٹ دینے اور تحریک عدم اعتماد میں حمایت پر جمعیت علماء اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن، بلوچستان نیشنل پارٹی (مینگل)، عوامی نیشنل پارٹی، سینیٹر میر اسرار اللہ زہری اور پاکستان مسلم لیگ (ن)کے اراکین اسمبلی کا شکریہ ادا کرتا ہوں، ہم تمام مسلم لیگی جماعتوں کو اکٹھا کرنے جارہے ہیں، میر عبدالقدوس بزنجو کی کامیابی پاکستان مسلم لیگ (ق)کے کارکنوں کے لیے بڑی خوشخبری ہے۔

انہوں نے یہ بات پیر کو وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو، سینیٹر کامل علی آغا، طارق بشیر چیمہ، صوبائی وزیر زراعت شیخ جعفرخان مندوخیل، سینیٹر روبینہ عرفان، وزیراعلیٰ کے مشیر برائے ایکسائز وٹرانسپورٹ میرعبدالکریم نوشیروانی اور مشیر خزانہ ڈاکٹر رقیہ ہاشمی کے ہمراہ وزیراعلیٰ سیکرٹریٹ میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔

(جاری ہے)

چوہدرہی پرویز الٰہی نے کہا کہ بلوچستان کے عوام اور سیاسی جماعتوں کی قیادت کے ساتھ ہمارے دیرینہ مراسم اور قریبی تعلقات ہیں، نومنتخب وزیراعلیٰ میر عبدالقدوس بزنجو کم وقت میںبلوچستان کے لیے ایسے منصوبے چھوڑ کرجائیں گے جنہیں عوام مدتوں تک یاد رکھیں گے۔ انہوں نے کہا کہ اراکین اسمبلی کسی بھی رکن صوبائی اسمبلی کو قائد ایوان منتخب کرسکتے ہیں، بلوچستان کی سیاسی وجمہوری جماعتوں نے پاکستان مسلم لیگ (ق)کے میر عبدالقدوس بزنجو کو وزیراعلیٰ منتخب کرکے دوراندیشی وسیاسی بلوغت کا ثبوت دیا ہے جس پر تمام پارٹیوں کے اراکین اسمبلی کامشکور ہوں۔

اس موقع پر وزیراعلیٰ بلوچستان میرعبدالقدوس بزنجو نے چوہدری پرویز الٰہی کی قیادت میں پاکستان مسلم (ق)کے وفد کے دورہ کوئٹہ کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ ملک وقوم کے لیے چوہدری پرویز الٰہی کی دیرینہ خدمات ہیں، آج میں ان کی پارٹی سے بلوچستان میں وزیراعلیٰ منتخب ہواہوں، وہ اپنے گھر اور اپنی حکومت کے پاس آئے ہیں۔ میرعبدالقدوس بزنجو نے کہا کہ بلوچستان اسمبلی اپنی آئینی مدت پوری کریگی، ہم ماضی کی طرف دیکھنے اورکسی پر نکتہ چینی کی بجائے بلوچستان کے حالات میں بہتری اور عوام کو صحت وتعلیم کی بنیادی سہولیات کی فراہمی کے ساتھ صوبے کے دیرینہ مسائل کے حل کے لیے تمام وسائل بروئے کارلائیں گے۔