قومی تاریخ و ادبی ورثہ ڈویژن کے تحت کام کرنے والے تاریخی، علمی اور ادبی اداروں کی مثالی کارکردگی قابلِ تحسین ہے، علم و ادب

معاشرے کی ذہنی اور روحانی نشوونما کیلئے نہایت اہم کردار ادا کرتے ہیں صدر مملکت ممنون حسین کی مشیر قومی تاریخ و ادبی ورثہ عرفان صدیقی سے گفتگو

پیر 15 جنوری 2018 17:43

قومی تاریخ و ادبی ورثہ ڈویژن کے تحت کام کرنے والے تاریخی، علمی اور ادبی ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 جنوری2018ء) صدر مملکت ممنون حسین نے کہا ہے کہ قومی تاریخ و ادبی ورثہ ڈویژن کے تحت کام کرنے والے تاریخی، علمی اور ادبی اداروں کی مثالی کارکردگی قابلِ تحسین ہے جو معاشرے میں امن، اخوت اور خیر سگالی کے جذبات کو فروغ دینے کیلئے نہایت اہمیت رکھتے ہیں۔ انہوں نے یہ بات قومی تاریخ و ادبی ورثہ ڈویژن کیلئے وزیراعظم کے مشیر عرفان صدیقی سے گفتگو کرتے ہوئے کہی جنہوں نے پیر کو ایوانِ صدر میں ان سے ملاقات کی۔

(جاری ہے)

صدر نے کہا کہ علم و ادب معاشرے کی ذہنی اور روحانی نشوونما کیلئے نہایت اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ اس کے ساتھ ساتھ اپنے تاریخی ورثہ کی حفاظت اور اپنے مشاہیر کے کارناموں سے واقفیت نوجوان نسل کو بہتر قومی کردار ادا کرنے کیلئے تیار کرتی ہے۔ صدر نے کہا کہ قومی تاریخ و ادبی ورثہ ڈویژن کے زیر اہتمام چلنے والے اداروں نے گذشتہ کچھ عرصہ میں نہایت قابل قدر کردار ادا کیا ہے۔ انہوں نے مشیر وزیراعظم کی خدمات کو سراہتے ہوئے توقع ظاہر کی کہ ان اداروں کی فعالیت اور کارکردگی کو مزید بہتر بنایا جائے گا۔ اس موقع پر عرفان صدیقی نے قومی تاریخ و ادبی ورثہ ڈویژن کے زیر اہتمام چلنے والے تاریخی، علمی اور ادبی اداروں کی کارکردگی سے صدر مملکت کو آگاہ کیا۔

متعلقہ عنوان :