بھارتی آرمی چیف کی دھمکی ایٹمی جنگ کو دعوت دینے کے مترادف ہے ،عبدالرشید ترابی

پیر 15 جنوری 2018 16:07

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 15 جنوری2018ء) کنونیئر کل جماعتی کشمیر رابطہ کونسل ممبر قانون ساز اسمبلی عبدالرشید ترابی نے کہا ہے کہ بھارتی آرمی چیف کی دھمکی ایٹمی جنگ کو دعوت دینے کے مترادف ہے ،اسرائیل بھارت کے سیاسی کٹھ جوڑ کے تانے بانے پاکستان کی سلامتی کے لیے بڑا چیلنج ہیں ،بھارت امریکہ اور اسرائیل کی شہ پر دھمکیاں دے رہا ہے عالمی برادری کو اس کا نوٹس لینا چاہیے ،بھارتی آرمی چیف نے ایک بینڈ ماسٹر کا بیان جاری کیا ہے کشمیر کی آزادی نوشتہ دیوار ہے ،ان خیالات کااظہار انہوں نے وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ،عبدالرشید ترابی نے کہا کہ ہندوستان اسرائیل سے مل کر پاکستان کی سلامتی کے خلاف سازشوں میں مصروف ہے اسرائیلی دہشت گرد وزیر اعظم کا 6روزہ دورہ ہندوستان پاکستان کے خلاف حکمت عملی تیار کرنے کے لیے کیا جارہا ہے پاکستان کی سلامتی اور استحکام کے لیے پاکستان کے قومی قائدین باہم جھگڑوں میں پڑنے کے بجائے ملک کی سلامتی کے لیے مل بیٹھ کر حکمت عملی تشکیل دیں ،کشمیری قوم اس تشویشناک صورت حال دیکھ رہی ہے انہوں نے کہاکہ جب بھی مجھے مغرب کے ایوانوں میںجانے کاموقع ملا میں نے یہی پیغام دیا کہ مودی ٹولہ جنوبی ایشیا کے لیے خطرناک ہے مودی خطے کو جنگ کے دہانے کی طرف لے جار ہا ہے عالمی امن کے ٹھیکیداروں اس صورت حال کا نوٹس لینا چاہیے ،ہندوستان نے حملے کی حماقت کی تو کشمیر ی قوم پاک فوج کے ساتھ مل کر ہندوستان کو وہ مزہ چھکائے گی جو وہ صدیوں یاد رکھے گا ،انہوں نے کہاکہ اس مرحلے پر پوری قوم کو یکجان اور یک زبان ہو کر ملکی سلامتی کے لیے آگے بڑھنا چاہیے ۔