مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوجی آپریشن کے دوران 5 کشمیری شہید

نوجوانوں کی شہادت کے بعد اڑی میں حالات کشیدہ ہیں اور عوام میں شدید غم و غصہ ، بھارتی فورسز نے علاقے میں سرچ آپریشن کے دوران گھر گھر تلاشی لی اور چادر و چار دیواری کا تقدس پامال کیا، ضلع بھر میں موبائل فون اور انٹرنیٹ سروس بھی بند نوجوانوں کا تعلق عسکریت تنظیم جیش محمد سے تھا اور وہ خودکش حملہ کرنا چاہتے تھے،بھارتی حکام کادعویٰ

پیر 15 جنوری 2018 14:42

سری نگر/نئی دہلی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 15 جنوری2018ء) مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج نے ریاستی دہشت گردی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 5 کشمیری نوجوانوں کو شہید کردیا۔میڈیا رپورٹس کے مطابق مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کے مظالم جاری ہیں۔ قاض فوج نے ضلع بارہمولہ میں لائن آف کنٹرول کے قریبی علاقے اڑی میں فوجی آپریشن کرتے ہوئے 5 کشمیری نوجوانوں کو شہید کردیا۔

نوجوانوں کی شہادت کے بعد اڑی میں حالات کشیدہ ہیں اور عوام میں شدید غم و غصہ پایا جاتا ہے۔بھارتی حکام نے دعوی کیا کہ نوجوانوں کا تعلق عسکریت تنظیم جیش محمد سے تھا اور وہ خودکش حملہ کرنا چاہتے تھے۔ بھارتی فورسز نے علاقے میں سرچ آپریشن کے دوران گھر گھر تلاشی لی اور چادر و چار دیواری کا تقدس پامال کیا۔

(جاری ہے)

اس دوران ضلع بھر میں موبائل فون اور انٹرنیٹ سروس بھی بند کردی گئی۔

اس کے علاوہ بھارتی فوج نے دستاویزی فلم بنانے والے فری لانس فرانسیسی صحافی کو گرفتار کرلیا۔ صحافی کو اتوار کورات گئے گرفتار کیاگیا۔بھارتی ایس ایس پی نے بتایا فرانسیسی صحافی میتی پال ایڈورڈکو سرینگر کے علاقے کوٹھی باغ کے علاقے سے گرفتارکیاگیا۔ علاوہ ازیں مقبوضہ کشمیر کے ضلع راجوڑی کے علاقے سندربنی میں مسلح افراد کی فائرنگ سے ایک بھارتی فوجی بھی ہلاک ہوگیا۔