ملک بھر میں سرکاری سکیم کے تحت حج درخواستوں کی وصولی کا عمل شروع

نا مزد بینکوں کی برانچیں24جنوری تک عازمین حج سے درخواستیں وصول کریں گی،درخواست کے ساتھ شناختی کارڈ اور پاسپورٹ کی کاپی لگانا ضروری ،قرعہ اندازی 26 جنوری کو ، نتائج وزارت مذہبی امور کی ویب سائٹ پر دستیاب ہونگے

پیر 15 جنوری 2018 12:38

ملک بھر میں سرکاری سکیم کے تحت حج درخواستوں کی وصولی کا عمل  شروع
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 15 جنوری2018ء) ملک بھر میں سرکاری اسکیم کے تحت حج درخواستوں کی وصولی شروع ہوگئی ،نا مزد بینکوں کی برانچیں24جنوری تک عازمین حج سے درخواستیں وصول کریں گی،حج درخواست کے ساتھ شناختی کارڈ اور پاسپورٹ کی کاپی لگانا ضروری ہے،قرعہ اندازی 26 جنوری کو ہوگی، قرعہ اندازی کے نتائج ویب سائٹ وزارت مذہبی امور کی ویب سائٹ پر بھی دستیاب ہونگے۔

تفصیلات کے مطابق ملک بھر میں سرکاری اسکیم کے تحت حج درخواستیں جمع کرانے کا عمل شروع ہوگیا ہے، آزاد کشمیر سمیت پاکستان بھرمیں نامزد بینکوں کی برانچیں چوبیس جنوری تک عازمین حج سے درخواستیں وصول کریں گی جبکہ قرعہ اندازی 26 جنوری کو ہوگی۔کامیاب درخواست گزاروں کو ایس ایم ایس اور ای میل کے ذریعے مطلع کر دیا جائیگا جبکہ قرعہ اندازی کے نتائج ویب سائٹ وزارت مذہبی امور کی ویب سائٹ پر بھی دستیاب ہونگے۔

(جاری ہے)

وزارت مذہبی امور کے مطابق اس سال پاکستان سے کل ایک لاکھ اناسی ہزار دوسو دس عازمین فریضہ حج ادا کرینگے۔ان میں ایک لاکھ بیس ہزار عازمین سرکاری اسکیم کے تحت جبکہ انسٹھ ہزار دوسو دس افراد نجی حج اسکیم کے تحت فریضہ حج ادا کرینگے۔حج درخواست کے ساتھ شناختی کارڈ اور پاسپورٹ کی کاپی لگانا ضروری ہے۔ملک کے شمالی حصے کیلئے حج پیکج دولاکھ اسی ہزار روپے جبکہ جنوبی حصے کیلئے حج پیکج دولاکھ ستر ہزار روپے ہوگا۔

حکام کے مطابق اس سال دس ہزار کا کوٹہ ان عازمین حج کیلئے رکھا گیا ہے جوگزشتہ تین سال سے حج درخواستیں دے رہے ہیں لیکن قرعہ اندازی میں وہ کامیاب نہیں ہوسکے، مزید دس ہزار کا کوٹہ ان لوگوں کیلئے مختص کیا گیا ہے جن کی عمر 80سال یا اس سے زائد ہے، اس کیٹگری میں حج پرجانے والے لوگوں کو اپنے نوجوان رشتہ دارکو معاون کے طورپر ساتھ لے جانا ہوگا۔

متعلقہ عنوان :