نیشنل پریس کلب کے انتخابات برائے 2018ء میں جرنلسٹ پینل پھر بھاری اکثریت سے کامیاب

طارق محمود چوہدری صدر ، شکیل انجم سیکرٹری منتخب جرنلسٹ پینل نے چاروں نائب صدور ،چاروں جوائنٹ سیکرٹریزاور گورننگ باڈی کی تمام 17نشستیں بھی جیت لیں ، منتخب باڈی نے چارج سنبھال لیا ،پہلے اجلا س میں گذشتہ باڈی کی دو سالہ خدمات کو خراج تحسین پیش کیا گیا کئی سالوں مد مقابل اآزادپینل فنانس سیکرٹری کی نشست پر کامیاب رہا ، آزاد پینل نے اپنے امیدوار شکیل قرار کو کامیاب قرار دیا، الیکشن کمیشن کے نتائج مسترد ، دوبارہ گنتی کامطالبہ،احتجاج

اتوار 14 جنوری 2018 22:44

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 14 جنوری2018ء) نیشنل پریس کلب کے انتخابات برائے 2018ء میں حسب روایت جرنلسٹ پینل نے بھاری اکثریت سے کامیابی حاصل کر لی ۔طارق محمود چوہدری صدر جبکہ شکیل انجم سیکرٹری منتخب ہو گئے ۔جرنلسٹ پینل نے چاروں نائب صدور ،چاروں جوائنٹ سیکرٹریزاور گورننگ باڈی کی تمام 17نشستیں بھی جیت لیں ۔نو منتخب باڈی نے چارج سنبھال لیا ہے اور اپنے پہلے اجلا س میں گذشتہ باڈی کی دو سالہ خدمات کو خراج تحسین پیش کیا اور انتہائی شفاف الیکشن کے انعقاد پر الیکشن کمیٹی کے کردار کی تعریف کی ۔

کئی سالوں مد مقابل اآزادپینل فنانس سیکرٹری کی نشست پر کامیاب رہا ہے،جبکہ آزاد پینل نے اپنے امیدوار شکیل قرار کو کامیاب قرار دیا ۔ الیکشن کمیشن کے نتائج کو مسترد کردیا اور دوبارہ گنتی کامطالبہ کیا ہے۔

(جاری ہے)

نو منتخب باڈی کا اجلاس صدرطارق محمود چوہدری کی صدارت میں ہوا جس میں سیکرٹری شکیل انجم ،فنانس سیکرٹری نوشین یوسف ،سینئر نائب صدر آصف بشیر چوہدری ،نائب صدر مائرہ عمران اعظم ،جوائنٹ سیکرٹری ندیم چوہدری ،فوزیہ کلثوم رانا ، دستار علی شاہ اور گورننگ باڈی کے تمام 17اراکین نے شرکت کی ۔

اجلاس میں گذشتہ باڈی جس نے شکیل انجم اور عمران یعقوب ڈھلوں کی سربراہی میں دو سال خدمات سر انجام دیں کو خراج تحسین پیش کیا گیا ۔اجلاس میں چیئرمین الیکشن کمیٹی ناصر زیدی اور ممبران احسن پریمی ،نثار شاہ ،میاںمنیر ،منور نقوی ،اطہر رضوی کو انتہائی شفاف الیکشن کرانے پر خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ یہ اسی الیکشن کمیٹی کی وجہ سے ممکن ہوا ہے کہ سارا دن پولنگ کے دوران کسی بھی بے ضابطگی اور بد نظمی کی ایک شکایت بھی موصول نہیں ہوئی اور اپوزیشن کی ایک امیدوار نوشین یوسف بھی جیتی ہے ۔

اس موقع پر پوری باڈی نے نو منتخب فنانس سیکرٹری نوشین یوسف کو خوش آمدید کہا اور امید ظاہر کی کہ وہ صحافتی برادری کی فلاح و بہبود اور نیشنل پریس کلب کی بہتری کے منصوبوں میں مکمل تعاون کریں گی ۔اس موقع پر نوشین یوسف نے یقین دہانی کرائی کہ وہ منتخب باڈی سے بھر پور تعاون کریں گی ۔قبل ازیں الیکشن کمیٹی کی طرف سے اعلان کردہ نتائج کے مطابق صدر طارق محمود چوہدری989ووٹ لے کر صدر منتخب ہو گئے جبکہ ان کے مد مقابل شکیل قرار نے 978ووٹ لئے ۔

نائب صدور کی 4نشستوں پر آصف بشیر چوہدری1074ووٹ لے کر سینئر نائب صدرجبکہ بلال ڈار 1030،کاشف رفیق 989، مائرہ عمران اعظم 943ووٹ لے کر نائب صدر منتخب قرار پائیں ۔سلمان قاضی 757،سبوخ سید 739اور عمران چوہدری149ووٹ لے سکے ۔سیکرٹری کی نشست پرشکیل انجم 1225ووٹ لے کر منتخب ہوئے جبکہ ان کے مد مقابل سمیع ابراہیم650ووٹ لے سکے ۔فنانس سیکرٹری کی نشست پر نوشین یوسف 1013ووٹ لے کر منتخب قرار پائیں جبکہ ان کے مد مقابل محمد اسحق شاکر سولنگی848ووٹ لے سکے ۔

جوائنٹ سیکرٹریز کی 4نشستوں پر عابد عباسی1219ووٹ لے کر سینئر جوائنٹ سیکرٹری منتخب ہوئے جبکہ ندیم چوہدری 938،دستار شاہ 922اور فوزیہ کلثوم رانا 1089ووٹ لے کر جوائنٹ سیکرٹری منتخب ہوئیں ۔مسعود ماجد سید 675،اشفاق بنگش 676اور فرحت عباس ترابی 644ووٹ لے سکے ۔اسی طرح گورننگ باڈی کی 17نشستوں پر عباس نقوی 1133،احتشام الحق1086 ،عبدالوحید جنجوعہ1084،،عالم زیب1081 ،وسیم سجاد 1040،سردار حمید1019 ،راجہ کاشف اشفاق 1018 ،مدثراقبال چوہدری 1011 ،منصور احمد984 ،قاضی زیاد977 ،جہانگیر اسلم975 ،رانا کوثر علی967، رشید ملک974 ،شوکت چوہدری 913،سید شاہ علی اعظم876،شازیہ نیئر935 اور صائمہ اے بھٹی836 ووٹ لے کر کامیاب قرار پائیں۔

دریں اثناء رات گئے نتائج کے اعلان کے موقع پر چیئرمین الیکشن کمیٹی نے صدر کے عہدے کیلئے آزاد پینل کے امیدوار شکیل قرار کا نام ہی لیا تھا کہ انکے حامیوں نے جشن منانا شروع کردیا اور نعرے بازی شروع کردی گئی اس دوران مسلسل چئیرمین الیکشن کمیٹی مسلسل خاموشی اختیار کرنے کی درخواست کرتے رہے لیکن نعرہ کا سلسلہ جاری رہا بعدازاں صدارتی امیدوار کے طور پر جرنلسٹ پینل کے طارق محمود چوہدری کو کامیاب قرار دیا گیا ،جس پر ماحول کشیدہ ہوگیا اور آزاد پینل کے کارکنوں اور قائدین نے چیئرمین الیکشن کمیٹی کیخلاف بھی نعرے بازی شروع کردیا اس سلسلے میں ، جب ناصر ز یدی سے فون پررابطہ کیا گیا کہ آپ دوبارہ گنتی کروائیں تو انہوں نے کہا کہ میں نے اپنا کام کردیا ہے اور دوبارہ گنتی کامعاملہ نئی کابینہ کے سپرد ہے وہ جو فیصلہ کریں جبکہ دوسری جانب آزاد پینل کے امیدواروں اور کارکنوںنے اتوار کو پریس کلب کے باہرشدیداحتجاج کیا اور نعرے بازی کی، شرکاء نے ہاتھوں میں پلے کارڈز اٹھا ئے ہوئے تھے جس پر الیکشن نا منظور نامنظور کے نعرے درج تھے۔