کینال ایکسپرپس وے فیصل آباد کا سی پیک ثابت ہو گا ، اس شہر کی جدید و تیز رفتار ترقی کاضامن ہے۔ رانا ثناء الله خاں

اتوار 14 جنوری 2018 22:44

فیصل آباد۔14جنوری(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 جنوری2018ء) وزیر اعلی پنجاب محمد شہباز شریف کی خصوصی منظوری سے عبدالله پور سے گٹ والا تک کینال روڈ کے دونوں اطراف 35 کروڑ روپے کی لاگت سے سروس روڈ کی تعمیر تیزی سے مکمل کی جارہی ہے ۔اس اہم ترقیاتی منصوبے کا باقاعدہ افتتاح کشمیر پل کے قریب صوبائی وزیر قانون رانا ثناء الله خاں نے کیا۔

افتتاحی تختی کی نقاب کشائی کے موقع پر صوبائی وزیر اقلیتی امور خلیل طاہر سندھو ‘ ایم این اے میاں عبدالمنان ‘ ارکان صوبائی اسمبلی شیخ اعجاز احمد ‘ چوہدری فقیر حسین ڈوگر ‘حاجی خالد سعید ‘ حاجی الیاس انصاری ’جعفر علی ہوچہ ‘ وائس چیئرمین واسا میاں عرفان منان ‘میئر میونسپل کارپوریشن محمد رزاق ملک ‘ ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے یاور حسین ‘ ایم ڈی واسا فقیر محمد چوہدری ‘ وائس چانسلر فیصل آباد میڈیکل یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر الفرید ظفر ‘ صدر چیمبر آف کامرس شبیر حسین چاولہ ‘ صدر اپٹپما شیخ خالد حبیب اور دیگر تاجروں و صنعتکاروں کے علاوہ یونین کونسلز کے چیئرمین ‘ پارٹی کارکن اور عام شہریوں کی بڑی تعداد موجود تھی ۔

(جاری ہے)

ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے یاور حسین نے صوبائی وزیر قانون رانا ثناء ثناء الله خاں کو سروس روڈ کے منصوبے کی تفصیلات کے بارے میں بریفنگ دی اور بتایا کہ یہ منصوبہ ماہ مارچ کے آخر تک مکمل کر لیا جائے گا ۔ افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر قانون رانا ثناء الله خاں نے فیصل آباد کی ترقی و خوشحالی کیلئے مختلف میگا ترقیاتی پراجیکٹس کی منظوری پر ارکان اسمبلی اور شہریوں کی طرف سے وزیر اعلی پنجاب محمد شہباز شریف کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ کینال ایکسپریس وے فیصل آباد کا سی پیک بنے گا جو اس شہر کی جدید و تیز رفتار ترقی کاضامن ہو گی ۔

انہوں نے بتایا کہ آئندہ ماہ کینال روڈ پر کشمیر پل انڈر پاس اور سمندری روڈ پر نائولٹی انڈرپاس کے بڑے منصوبوں کا آغاز بھی ہو جائے گا اس طرح سمندری سے موٹر وے تک یہ شاہراہ ٹریفک کی روانی کیلئے سگنل فری ہو گی ۔ انہوںنے کہا کہ سروس روڈ کی تعمیر سے ٹریفک کی روانی سے متعلق ملحقہ آبادیوں اور کمرشل اداروں کے مسائل حل ہونگے ۔انہوں نے شہر کے اندر مختلف علاقوں میں لنک روڈز کی تعمیر کے منصوبوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ٹریفک کے دبائو کو کم کرنے کے سلسلے میں یہ روڈز بڑے شہر کی ضرورت پوری کر رہے ہیں ۔

صوبائی وزیر قانون نے بتایا کہ وزیر اعلی پنجاب محمد شہباز شریف کی طرف سے دورہ فیصل آباد کے موقع پر اعلان کردہ بڑے ترقیاتی منصوبوں پر کام شروع ہو گیا ہے اور بعض منصوبے 30 جون تک مکمل کر لئے جائیں گے اور کچھ بڑے منصوبوں کی تکمیل کیلئے آئندہ بجٹ میں فنڈز مختص ہونگے ۔ انہوں نے کہا کہ پانچ ارب روپے سے ایشیاء کے بڑے چلڈرن ہسپتال ‘ چھ ارب روپے سے واٹر پراجیکٹ ‘ ساڑھے چھ ارب روپے سے کینال ایکسپریس وے ‘ اڑھائی ارب روپے سے جھال چوک انڈر پاس و فلائی اوور ‘ جی سی یونیورسٹی ‘ زرعی یونیورسٹی کے ترقیاتی منصوبوں اور دیگر شعبوں کے بے شمار ترقیاتی منصوبوں سے صوبہ کے دوسرے بڑے شہر فیصل آباد کا ترقیاتی نقشہ تبدیل ہو گیا ہے اس طرح موجودہ حکومت نے پاکستان اور پنجاب بھر میں ریکارڈ ترقیاتی منصوبوں کے ذریعے لوڈشیڈنگ سمیت دیگر مسائل پر قابو پایا ہے جس سے معیشت مضبوط اور ہر میدان میں ترقیاتی کی رفتار مزید تیز ہوئی ہے جبکہ سی پیک کا انقلابی منصوبہ پاکستان کی تقدیر بدل دے گا ۔

انہوں نے کہا کہ سیاسی مخالفین کی رکاوٹوں کے باوجود ترقی کا یہ سفر جاری رہے گا اور آئندہ الیکشن میں عمدہ ترقیاتی کارکردگی کے ساتھ عوامی عدالت میں جائیں گے ۔ صوبائی وزیر اقلیتی امور خلیل طاہر سندھو نے کہاکہ پاکستان مسلم لیگ کی حکومت نے ملک کی عزت و وقار میں اضافہ کرکے ترقی کے جدید اسلوب سے ہمکنار کیا ہے ۔ انہوںنے کہا کہ فیصل آباد سمیت صوبہ پنجاب تیزی سے ترقی کی طرف گامزن ہے اس سلسلے میں ریکارڈ ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل واضح ثبوت ہیں ۔

ایم این اے میاں عبدالمنان نے ملک کی ترقی میں رکاوٹیں پیدا کرنے پر سیاسی مخالفین کے منفی ہتھکنڈوں پر کڑی تنقید کی اور کہا کہ کینال ایکسپریس وے کا منصوبہ فیصل آباد کی روشن ترقی کی دلیل ہے جبکہ سروس روڈ کی تعمیر سے ٹریفک کے مسائل دور ہونگے ۔ چیئرمین ایف ڈی اے / ایم پی اے شیخ اعجاز احمد نے کہا کہ فیصل آباد ترقیاتی ادارہ شہر کی جدید تعمیر و ترقی میں بہترین کردار ادا کر رہا ہے اور اس مقصد کے لئے آبادی کی ضروریات کے پیش نظر اربن ڈویلپمنٹ کے بارے میں جامع پلاننگ پر خصوصی توجہ مرکوز ہے ۔

انہوں نے شیخوپورہ روڈ کی پائیدار اور خوبصورت تعمیر ‘ مسجد اسماعیل روڈ سے مقبول ٹائون تک لنک روڈ ‘ منصور آباد 66 فٹا بازار اور دیگر لنک روڈز کے تعمیراتی منصوبوں کا ذکر کرتے ہوئے کینال سروس روڈ کے منصوبے کے افتتاح کرنے پر صوبائی وزیر قانون رانا ثناء الله خان کا شکریہ ادا کیا ۔

متعلقہ عنوان :