صوبے کے عوام اور پارلیمانی ساتھیوں نے ان پر جس اعتماد کا اظہار کیا ہے وہ اس پر پورا اترنے کے لئے اپنی صلاحیتیں بھرپور طریقے سے برئوے کار لائیں گے،وزیر اعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو

اتوار 14 جنوری 2018 22:44

کوئٹہ۔14 جنوری(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 جنوری2018ء) وزیر اعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو نے ہفتہ وار تعطیل کے باوجود اتوار کو انتہائی مصروف دن گزارا۔ سرکاری امور کی انجام دہی کے ساتھ ساتھ انہوں نے مختلف وفود سے ملاقاتیں بھی کیں۔ چیئرمین ڈسٹرکٹ کونسل آواران نصیر بزنجو کی قیادت میں ملاقات کرنے والے آواران کے نمائندہ وفد سے ملاقات کے دوران بات چیت کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے کہا کہ وہ اللہ تعالیٰ کے شکر گزار ہیں جس نے انہیں وزیر اعلیٰ کا منصب عطاکرتے ہوئے صوبے اور عوام کی خدمت کا موقع دیا اور ان کی کوشش ہوگی کہ آواران کے ساتھ ساتھ صوبے کے دیگر پسماندہ علاقوں کے عوام کو زندگی کی بنیادی سہولتوں کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے۔

وزیر اعلیٰ نے کہا کہ صوبے کے عوام اور پارلیمانی ساتھیوں نے ان پر جس اعتماد کا اظہار کیا ہے وہ اس پر پورا اترنے کے لئے اپنی صلاحیتیں بھرپور طریقے سے برئوے کار لائیں گے۔

(جاری ہے)

وقت کم ملا ہے تاہم اس مختصر مدت کو صوبے اور عوام کی فلاح و بہبود کے لئے برئوے کار لایا جائے گا۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ وہ عوامی نمائندہ کی حیثیت سے آواران کے مسائل سے بخوبی آگاہ ہیں جنہیں ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائیگا۔

انہوں نے کہا کہ امن کے قیام کے لئے صوبے کے دیگر علاقوں کی طرح آواران کے باشعور عوام بھی اپنا کردار ادا کر رہے ہیں۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ دہشت گردی کے خاتمے کے لئے سیکورٹی فورسز کے ساتھ ساتھ عوام نے بھی بیش بہا قربانیاں دی ہیں۔ صوبے میں پائیدار بنیادوں پر امن کا قیام ان کی اولین ترجیح ہے اور انہیں یقین ہے کہ اس مقصد کی تکمیل کے لئے حکومت کو عوام کا بھرپور تعاون حاصل رہے گا۔ وفد نے وزارت اعلیٰ کا منصب سنبھالنے پر وزیر اعلیٰ کو مبارکباد پیش کی۔ دریں اثناء وزیر اعلیٰ سے بلوچستان مشترکہ بس فیڈریشن کے صدر حاجی جمعہ خان بادینی نے بھی ملاقات کی اور انہیں مبارکباد پیش کی۔

متعلقہ عنوان :