سب کو ساتھ لے کر چلنے پر یقین رکھتے ہیں صوبے میں مثبت سیاسی فضا کے فروغ کے لئے افہام و تفہیم کی پالیسی اپنائی جائے گی،وزیر اعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو

اتوار 14 جنوری 2018 22:43

کوئٹہ۔14 جنوری(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 جنوری2018ء) وزیر اعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجواتوار کے روز بی این پی (مینگل) کے سربراہ سردار اختر جان مینگل کی رہائش گاہ پر گئے اور ان سے ملاقات کی۔ رکن صوبائی اسمبلی میر جان محمد جمالی بھی ان کے ہمراہ تھے جبکہ رکن صوبائی اسمبلی میر حمل کلمتی اور بی این پی (مینگل) کے دیگر رہنما بھی اس موقع پر موجود تھے۔

وزیر اعلیٰ نے ان کی حمایت کرنے پر سردار اخترمینگل کا شکریہ ادا کیا۔ اس موقع پر ملک اور صوبے کی سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال بھی کیا گیا۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ وہ سب کو ساتھ لیکر چلنے پر یقین رکھتے ہیں صوبے میں مثبت سیاسی فضا کے فروغ کے لئے افہام و تفہیم کی پالیسی اپنائی جائے گی بحیثیت ایک سیاسی ورکر اور وزیر اعلیٰ ان کی خواہش ہے کہ امن و امان کی بہتری اور صوبے کو درپیش دیگر مسائل کے حل کے لئے تمام سیاسی قوتیں اپنا کردار ادا کریں۔

(جاری ہے)

جس کے لئے وہ ہر ممکن تعاون کرینگے۔ انہوں نے کہا کہ صوبائی اسمبلی اپنی آئینی مدت پوری کریگی اور اس مختصر مدت کے دوران وہ اپنی کابینہ اور دیگر سیاسی جماعتوں کے تعاون سے صوبے کی ترقی اور پائیدار امن کے قیام کے لئے اپنی بھرپور صلاحیتیں بروئے کار لائیں گے۔ بی این پی (مینگل) کے سربراہ سردار اخترجان مینگل نے میر عبدالقدوس بزنجو کو وزیر اعلیٰ منتخب ہونے پر مبارکباد پیش کی اور اپنے بھرپور تعاون کا یقین دلایا۔ بعدازاں وزیر اعلیٰ نے رکن صوبائی اسمبلی نوابزادہ طارق مگسی کی رہائش پر جاکر ان سے ملاقات کی اور ان کی حمایت پر ان کا شکریہ ادا کیا۔ اس موقع پر سیاسی امور پر بھی بات چیت کی گئی۔

متعلقہ عنوان :