وزیر اعلی سندھ بغیر پروٹوکول فوڈ فیسٹیول پہنچ گئے اور عام شہری کی طرح فیسٹول میں شریک ہوئے

مراد علی شاہ نے عام گاڑی میں بظاہر سیکورٹی کے بغیر سفر کیا اور پارک پہنچے،اپنی باری آنے پر ٹکٹ لیااور ٹکٹ کے 300 روپے اپنی جیب سے ادا کیے

اتوار 14 جنوری 2018 22:43

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 جنوری2018ء) چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس ثاقب نثار کے احکامات کی پیروی ہے یا اسے صوبے کے سربراہ کی سادگی کہیں کہ وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ اتوار کی شام کسی پروٹوکول کے بغیر عام شہری کی طرح کلفٹن میں شہید بینظیر بھٹو پارک میں منعقدہ کراچی فوڈ فیسٹیول پہنچے۔مراد علی شاہ نے عام گاڑی میں بظاہر سیکورٹی کے بغیر سفر کیا اور پارک پہنچ کروی آئی پی طریقے سے فوڈ فیسٹول دیکھنے کی بجائے ٹکٹ خریدنے کیلئے کھڑے شہریوں کی لائن میں لگے، انہوں نے اپنی باری آنے پر لائن میں لگ کر فیسٹول کا ٹکٹ لیااور ٹکٹ کے 300 روپے اپنی جیب سے ادا کیے۔

وزیر اعلی سندھ ٹکٹ دکھا کر عام شہری کی طرح فیسٹول میں شریک ہوئے۔ترجمان کے مطابق وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ فیسٹیول میں شریک لوگوں کے ساتھ گھل مل گئے، شہریوں کی بڑی تعداد نے وزیر اعلی سندھ کے ساتھ تصاویر بنوائیں اور سیلفیاں لیں، وزیراعلی بننے کے بعد مراد علی شاہ کی جانب سے اس طرح کی خبریں اکثر سامنے آتی رہتی ہیں لیکن موجودہ صورتحال میں اسے چیف جسٹس آف پاکستان کے تازہ احکامات کا اثر کہاں جا رہا ہے۔

(جاری ہے)

چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس ثاقب نثار نے گزشتہ روز حکومتی عہدیداروں کے پروٹوکول یا وی وی آئی پی موومنٹ پر سخت نکتہ چینی کی تھی اور کہا تھا کہ یہ سلسلہ فوری طور پر ختم ہونا چاہیے، جسٹس ثاقب نثار گزشتہ روز خود بھی کسی پروٹوکول کے بغیر شہر میں رہے اور بابائے قوم قائداعظم محمد علی جناح کے مزار پر حاضری دی۔

متعلقہ عنوان :