اسمبلیوں کے ہوتے سینٹ انتخابات ملتوی ہونے یا نہ ہونے کا کوئی جواز نہیں، سینٹ کے انتخابات وقت پر ہوتے ہوئے نظر آ رہے ہیں، نثارکھوڑو

لیگ کسی بھی خوش ہمی میں نہ رہے، پیپلز پارٹی سیاسی حکمت عملی کے ذریعے سینٹ میں اپنی نشتیں حاصل کرے گی، سینئرصوبائی وزیر کی میڈیا سے بات چیت

اتوار 14 جنوری 2018 22:42

لاڑکانہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 جنوری2018ء) پاکستان پیپلز پارٹی سندھ کے صدر اور سینئر صوبائی وزیر نثار احمد کھوڑو نے کہا ہے کہ اسمبلیوں کے ہوتے سینٹ انتخابات ملتوی ہونے یا نہ ہونے کا کوئی جواز نہیں، سینٹ کے انتخابات وقت پر ہوتے ہوئے نظر آ رہے ہیں لیکن ن لیگ کسی بھی خوش ہمی میں نہ رہے، پیپلز پارٹی سیاسی حکمت عملی کے ذریعے سینٹ میں اپنی نشتیں حاصل کرے گی۔

ان خیالات کا اظہار گذشتہ روز لاڑکانہ میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ نثار احمد کھوڑو کا مزید کہنا تھا کہ سینٹ انتخابات ہونے کے بعد اسمبلیوں کی مدمت پوری ہونے کے بعد عام انتخابات ہونگے۔ انہوں نے کہا کہ عام انتخابات سے قبل ن لیگ کو ناکامیوں کا سامنہ کرنا پڑ رہا ہے جس کا بڑا مثال بلوچستان میں نواز شریف کے اپنے ساتھی انہیں چھوڑ کر گئے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ن لیگ کے وزیراعلیٰ نے اپنے ہی ممبران پر عدم اعتماد کرنے اور عدم اعتماد کے بعد وزیراعلیٰ کی جانب سے استعیفے کا معاملہ سے نواز شریف کی ناکامی ثابت ہوئی۔ بلوچستان میں مسلم لیگ ق کے عبدالقدوس بزنجو وزیراعلیٰ کے طور پر کامیاب ن لیگ کی دوسری بڑی شکست ہے اور 2018 میں ن لیگ کا ملک سے خاتمے کا سال ثابت ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے پہلے بھی کہا کہ مسلم لیگ ن میں ملک چلانے کی صلاحیت نہیں جو بات ثابت ہوچکی ہے۔

انہوں نے کہا کہ نواز شریف اپنی نااہلی کے ساتھ ساتھ اپنی ناکامی کو بھی تسلیم کرے۔ نثار احمد کھوڑو نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ یہ پہلی مرتبہ نہیں کہ پیپلز پارٹی طاہر القادری کے ساتھ بیٹھی ہے، ماضی میں بھی طاہر القادری اے آر ڈی میں پیپلز پارٹی کے ساتھ تھا اور اب پیپلز پارٹی ان کے ساتھ احتجاج میں ساتھ ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ طاہر القادری کے احتجاج میں اسمبلوں کو توڑنے کا کوئی مطالبہ نہیں کیا گیا احتجاج میں صرف ماڈل ٹاؤن سانحے پر پنجاب کے وزیراعلیٰ اور اس کی کابینہ سے استعیفے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ احتجاج میں صورتحال سازگار نہ رہی تو اس کی ذمہ دار پنجاب حکومت اور ن لیگ کی ناہلی ہوگی۔ نثار احمد کھوڑو نے کہا کہ سپریم کورٹ اور ہائی کورٹ کے اختیارات کا دائرہ فاٹا تک بڑھانا جمہوریت پسند، انصاف پسند، ترقی پسند اور عوام کی فتح ہے اس فیصلے پر فاٹا کے عوام کو مبارک باد پیش کرتا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی فاٹا کے عوام کو حقوق دلوائی گی، عمران خان بھلے لاڑکانہ آکر جلسہ کریں اس سے ہم پر کوئی فرق نہیں پڑتا اور عوام کو پہلے کی طرح منہ کی کھانے پڑی گی۔

انہوں نے کہا کہ سنا ہے کہ عمران خان اپنی جماعت کے زور پر نہیں کسی دوسرے کے زور پر سیاست کررہے ہیں لیکن 2018 کے انتخابات کا سال ن لیگ اور عمران خان کی سیاست کے خاتمے کا سال ثابت ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ قصور میں 7 سالہ معصوم بچی زینب کے ساتھ پیش آنے والے درندگی کے سانحے نے انسانیت کا سر شرم سے جھکا دیا ہے جس سانحے پر ہر آنکھ اشکبار اور دل غمگین ہے اور پنجاب حکومت واقعے میں ملوث وحشی درندوں کو قانون کی گرفت میں لاکر کیفر کردار تک پہنچائے۔

انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی جمہوریت کی علمبردار جماعت ہے اور تمام مسائل کا حل بھی جمہوریت میں ہے کیونکہ ملک میں غیر آئینی اقدامات نے پاکستان کو کمزور کیا ہے جس کے باعث ملک میں جمہوریت کا تسلسل جاری رہنا چاہیے اور ملک میں وقت پر عام انتخابات ہونے سے ہی غیر جمہوری قوتوں کا راستہ روکا جاسکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ شہید محترمہ بینظیر بھٹو کے قتل اور آئین سے غداری کے مقدمات میں مطلوب عدالت کے خوف سے ملک چھوڑ کر فرار ہونے والا بھگوڑا آمر پرویز مشرف باہر بیٹھ کر بڑی باتیں کررہا ہے اس میں ہمت ہے تو ملک میں آئے۔

انہوں نے کہا کہ ایک آمر نے تو نواز شریف کو این آر او دے کر ملک سے باہر بھیج دیا اور بعد میں نواز شریف نے ان کے بدلے میں آمر پرویز مشرف کو این آر او دیا اور انہیں باہر بھیج دیا۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں سیاسی تبدیلی صرف ووٹ کے ذریعے ہونے چاہیے اور عام انتخابات میں پیپلز پارٹی عوام کی طاقت سے نہ صرف سندھ بلکہ سارے ملک میں کامیابی حاصل کرے گی۔

متعلقہ عنوان :