شریف خاندان کو یقین ہے کہ انہیں سزا ضرور ملے گی ، بیرسٹراعتزازاحسن

اتوار 14 جنوری 2018 22:40

گجرات(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 جنوری2018ء)پیپلزپارٹی کے رہنما بیرسٹراعتزازاحسن نے کہا ہے کہ شریف خاندان کو یقین ہے کہ انہیں سزا ضرور ملے گی اس لئے نوازشریف اور ان کی صاحبزادی قانون کی دیوار توڑنا چاہتے ہیں۔

(جاری ہے)

میڈیا کے نمائندوں سے بات کرتے ہوئے رہنما پیپلزپارٹی سینیٹر اعتزازاحسن نے کہا کہ شریف خاندان کو یقین ہے کہ انہیں پاناما کی طرح دیگر کیسز میں بھی سزا ضرور ملے گی، نوازشریف کا پاناما میں سزا ہونا فطری بات ہے کیوں کہ عدالت کے پاس سابق وزیراعظم کو سزا دینے کے علاوہ کوئی راستہ ہی نہیں تھا۔

اعتزازاحسن نے کہا کہ نوازشریف اور ان کی صاحبزادی قانون کی دیوار توڑنا چاہتے ہیں، پورا شریف خاندان مکمل پروٹوکول کے ساتھ پیشی بھگتنے آتے ہیں لیکن عدالتیں ایک بار پھر شریف خاندان پر نرمی برت رہی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ نوازشریف اورشہبازشریف کے درمیان سرد مہری دورہ سعودی عرب میں ثابت ہوگئی اور دونوں بھائیوں کا ایک ہی دن مختلف ائیرلائنز میں آنا معنیٰ خیز ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ سانحہ قصور پنجاب پولیس کی نااہلی کا منہ بولتا ثبوت ہے، شریف خاندان نے پولیس کو گھر کی لونڈی بنا رکھا ہے۔