ڈپٹی میئر سکھر کا شہر میں فراہمی آب کے سلسلے میں جائزہ کیلئے شہر کا دورہ

اتوار 14 جنوری 2018 22:11

سکھر۔14جنوری(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 جنوری2018ء) ڈپٹی میئر سکھر طارق حسین چوہان نے شہر میں فراہمی آب کے سلسلے میں جاری احکامات پر عملدر آمد کا جائزہ لینے کے لئے شہر کے مختلف علاقوں کا دورہ کیا ، خاص طور پر ان علاقوں میں گئے کہ جو اونچائی پر واقع ہیں ان کے ہمراہ ایگزیکٹو انجینئر شرف الدین ڈنور ، انچارج واٹر ورکس محمد اکرم عباسی اور عاشق علی شیخ بھی تھے ۔

ڈپٹی میئر نے متعلقہ افسران کو ہدایت کہ افسران و والوو مینز پانی کی فراہمی کو منصفانہ بنائیں اور اس قسم کے عملی اقدامات بلا تاخیر کریں کہ جن کے باعث کوئی بھی علاقہ پانی سے محروم نہ رہے ۔ طارق حسین چوہان نے کہا کہ پانی ہر شہری کی بنیادی ضرورت ہے ، میئر سکھر ارسلان اسلام شیخ نے پانی کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لئے موثر اور نتیجہ خیز اقدامات کئے ہیں اور تمام ضروری وسائل ، مشینری سمیت دیگر سہولتیں فراہم کردی گئی ہیں ، جنریٹرز کیلئے ڈیزل بھی فراہم کردیا گیا ہے تا کہ واٹر ورکس سے پانی کی فراہمی بلا تعطل جاری رہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ شہریوں کی شکایات کا بلا تاخیر ازالہ کیا جائے اس سلسلے میں کسی بھی قسم کی کوتاہی کو نظر انداز نہیں کیا جائے گا۔ڈپٹی میئر نے شہر میں صفائی ستھرائی کا بھی جائزہ لیا اور آفس سپرنٹنڈنٹ ہیلتھ عطاء الرحمن خان کو ضروری ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ تمام عملہ صفائی کی حاضری یقینی بنا نے کے ساتھ صفائی وستھرائی کے عمل کو مزید بہتر بنایا جائے تاکہ عوام کو صاف ستھرا ماحول میسر آسکے۔