جے یو پی ہاشمی گروپ کا کوئی وجود، نہ جمعیت علما پاکستان ، ن لیگ کی اتحادی ہے، ترجمان جمعیت علما پاکستان

اتوار 14 جنوری 2018 19:53

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 14 جنوری2018ء) جمعیت علما پاکستان کے ترجمان نے واضح کیا ہے کہ جے یو پی ہاشمی گروپ نا م کی کسی تنظیم کا کوئی وجود ہے اور نہ ہی جمعیت علما پاکستان ، مسلم لیگ ن کی اتحادی جماعت ہے۔ میڈیا سیل کی طرف سے جاری وضاحتی بیان میں ترجمان نے کہا کہ جمعیت علما پاکستان ایک ہی ہے۔ جس کے مرکزی صدر پیر اعجاز احمد ہاشمی اور سیکرٹری جنرل شاہ اویس نورانی ہیں۔

باقی دھڑے اپنی اپنی مجبوری کے تحت تشکیل پائے ہیں۔کچھ تو و ہ عناصر ہیں، جنہیں جمعیت کی مجلس عاملہ اور شوریٰ نے مختلف الزامات کے حوالے سے عہدوں سے فارغ کیا۔ جبکہ کچھ وہ ہیں جو پارٹی کے صوبائی انتخابات میں ہارنے کے غم میں اپنا گروپ بنانے کا دعوی ٰ کرکے اہل سنت کے انتشار کا باعث بنے ہیں۔

(جاری ہے)

ترجمان نے افسوس کا اظہار کیا کہ ایک اخبار جمعیت علما پاکستان کو مسلم لیگ ن کی اتحادی جماعت قرار دیتا ہے، جو کہ حقائق کے منافی ہے۔

دراصل خود ساختہ ایشوز پرسیاسی دھارے میں جانے کی بجائے ، اگر اصولوں کی سیاست کی جائے اور زوردیا جائے کہ اسٹیبلشمنٹ کے ہاتھوں میں کھیلنے کی بجائے، جمہوری پارلیمانی روایات کا احساس کرتے ہوئے پارلیمنٹ اور حکومت کو وقت پورا کرنے دیا جائے،تو اس بنیاد پر مسلم لیگ ن کی اتحادی جماعت قراردینا انتہا ئی شرمناک اور افسوسنا ک ہے۔ ہم میڈیا کے احباب سے تعاون کے لئے پر امید ہیں۔