فیصل آباد سمیت پنجاب بھر کے تمام اضلاع کے وائس چیئر مینوں نے (آج) پنجاب اسمبلی کے سامنے دھرنا دینے کی تیاریاں مکمل کرلیں

اتوار 14 جنوری 2018 19:11

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 جنوری2018ء) فیصل آباد سمیت پنجاب بھر کے تمام اضلاع کے وائس چیئر مینوں نے پندرہ جنوری بروز پیر کو پنجاب اسمبلی کے سامنے دھرنا دینے کی تیاریاں مکمل کرلی ہیں ،وائس چیئر مینوں کا کہنا ہے کہ ہم اپنے مطالبات کے حق میں دھرنا دینگے جسے مطالبات کی منظوری تک جاری رکھا جائیگا،فیصل آباد سمیت صوبہ بھر کے دیگر اضلاع سے تعلق رکھنے والے وائس چیئر مینوں کا کہنا ہے کہ موجودہ بلدیاتی نظام میں ہمیں کوئی کردار نہیں دیا گیا جس کے نتیجہ میں ہم عوامی مسائل حل کرنے سے قاصر ہیں اور ہمارا اختیارات سے محروم ہونا مسائل کوجنم دے رہا ہے جوکہ ووٹروں سے بھی زیادتی کے مترادف ہے لہٰذا ہم کل اپنے مطالبات کے حق میں پنجاب اسمبلی کے باہر دھرنا دینگے ،دوسری جانب وائس چیئر مینوں کے احتجاج اور دھرنا کے اعلان پر پنجاب حکومت نے انہیں اختیارات دینے پر غور شروع کردیا ہے جبکہ پنجاب اسمبلی کا کل پیر کے روز طلب کیا گیا اجلاس منسوخ کردیا گیا ہے ،گورنر پنجاب کی جانب سے اجلاس کا نوٹیفکیشن با قاعدہ طور پر منسوخ کردیا گیا ہے جس پر اپوزیشن رہنمائوں نے بھی احتجاج کرتے ہوئے کہاکہ پنجاب حکومت اجلاس بلانے سے خوفزدہ ہے جبکہ وائس چیئر مینوں کاکہنا ہے کہ وہ اجلاس منسوخ ہونے کے باوجود پنجاب اسمبلی کے باہر دھرنا دینگے ۔