انتخابات کے قریب آتے ہی نامعلوم افراد نے گٹروں میں بوریاں ڈال کر بند کرنا شروع کردیا ہے، سعید غنی

پیپلزپارٹی کی مقبولیت میں دن بدن اضافہ ہورہا ہے، پیپلز سیکریٹریٹ میں شمولیت کرنے والے مختلف جماعتوں کے کارکنوں کے ہمراہ پریس کانفرنس

اتوار 14 جنوری 2018 17:50

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 جنوری2018ء) پاکستان پیپلزپارٹی کراچی ڈویژن کے صدر اور رکن سندھ اسمبلی سعید غنی نے کہا ہے کہ انتخابات کے قریب آتے ہی نامعلوم افراد نے گٹروں میں بوریاں ڈال کر بند کرنا شروع کردیا ہے، وہ خدارا سیاست کریں مگر لوگوں کو تنگ نہ کریں۔ آپکا ماضی ختم ہوگیا ہے۔ بوری بند لاشوں کی سیاست کا خاتمہ ہوگیا ہے۔

پیپلزپارٹی میں مختلف طبقات سے تعلق رکھنے والے افراد اور اہم شخصیات کی شمولیت اس بات کا ثبوت ہے کہ پیپلزپارٹی کی مقبولیت میں دن بدن اضافہ ہورہا ہے۔ وہ اتوار کو پیپلز سیکریٹریٹ میں پارٹی رہنمائوں وقار مہدی، راشد ربانی اور دیگر کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کررہے تھے۔ اس موقع پر جماعت اسلامی کے شہید رہنما اسلم مجاہد کے صاحبزادے اسعد اسلم مجاہد، فہد مجاہد اور ارسلان مجاہد اور ایم کیوایم پاکستان، پی ٹی آئی اور اے پی ایم ایل سے تعلق رکھنے والے درجنوں کارکنان نے پیپلزپارٹی میں شمولیت کا اعلان کیا۔

(جاری ہے)

سعید غنی اور وقار مہدی نے کہا کہ پاک سرزمین پارٹی، آل پاکستان مسلم لیگ اور متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے کارکنان و زمہ داران نے بھی پیپلزپارٹی کے قافلے میں شامل ہونے کا اعلان کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ شامل ہونے والوں کا تعلق ضلع کورنگی اور ملیر سے ہے۔ شمولیت کرنے والے کارکنان کے شکر گزار ہیں اسلم مجاہد شہید کی کراچی کی سیاست میں گراں قدر خدمات ہیں۔

ہمیں انکے صاحبزادوں سے بھی یہی توقع کرتے ہیںکہ پیر کے روز بھی ایک پریس کانفرنس کرینگے جس میں اہم رہنما پیپلزپارٹی میں شامل ہونگے۔ اسعد اسلم مجاہد نے کہا کہ ہم اپنے شہید والد اسلم مجاہد کے مشن کو پورا کرینگے۔ بلاول بھٹو زرداری کی قیادت میں کورنگی کو پیپلزپارٹی کا گڑھ بنائینگے۔ ایم کیوایم پاکستان کے سابق ذمہ دار عدنان حبیب نے پیپلزپارٹی میں شمولیت کا اعلان کرتے ہوئے پارٹی کے لئے خدمات انجام دینے کا عزم کیا ۔

رکن سندھ اسمبلی عید غنی نے کہا کہ پیپلزپارٹی آئندہ انتخابات میں کراچی کی سب سے بڑی جماعت بن کر ابھریگی۔ شہر کے دعویدار بوکھلاہٹ کا شکار ہیں۔ انتخابات کے قریب آتے ہی نامعلوم افراد نے گٹروں میں بوریاں ڈال کر بند کرنا شروع کردیا ہے۔ وہ سیاست کریں مگر لوگوں کو تنگ نہ کریں۔ آپکا ماضی ختم ہوگیا ہے۔ بوری بند لاشوں کی سیاست کا خاتمہ ہوگیا ہے ۔

گولی اور لاٹھی کی سیاست دفن ہوگئی ہے۔ لوگوں کو احساس ہوا ہے کہ جنہیں 30سال دئیے، انہوں نے نفرت کی سیاست کے علاوہ کچھ نہیں کیا۔ انہوں نے کہا کہ بدلتے ہوئے ماحول شہر کے دعویداروں کو خوف ہے۔ ہم کراچی کے امن کو دیرپا بنائینگے ہم اس امن کو کسی صورت برباد نہیں ہونے دینگے۔ اوچھے ہتھکنڈوں میں تیزی آئیگی کیونکہ ہمارے ایم کیوایم کے دوست ایسے کاموں میں ماہر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایم کیوایم نے خوف کا عالم شہر اور شہریوں پر طاری کیا تھا وہ ختم ہوگیا ہے جس کی وجہ سے لوگ پیپلزپارٹی میں شامل ہورہے ہیں ۔پیپلزپارٹی کے واحد جماعت ہے جس کے پاس نوجوان قیادت ہے۔

متعلقہ عنوان :