ٹرمپ کے ساتھ کام سے انکار، پاناما میں امریکی سفیر نے استعفیٰ دیدیا

جان فیلے نے ذاتی وجوہات کی بناء پر استعفی دیااورہمیں آگاہ بھی کردیاہے،وائٹ ہائوس کی تصدیق

اتوار 14 جنوری 2018 14:21

ٹرمپ کے ساتھ کام سے انکار، پاناما میں امریکی سفیر نے استعفیٰ دیدیا
پاناماسٹی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 جنوری2018ء) پاناما میں امریکی سفیر جان فیلے نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے ساتھ کام کرنے سے انکار کرتے ہوئے اپنے عہدے سے استعفیٰ دیدیا۔غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق پاناما میں تعینات امریکی سفیر جان فیلے نے اپنے استعفے میں لکھا کہ ’میں نے صدر اور اس کی انتظامیہ کے ساتھ سیاسی امور پر ایمانداری کے ساتھ کام کرنے کا حلف اٹھایا ہے، باوجود اس کے کہ میں کچھ پالیسیوں سے اختلاف رکھتا ہوں۔

(جاری ہے)

جان فیلے نے اپنے استعفے میں مزید لکھا کہ میرے استادوں نے مجھے ایک بات سکھائی تھی کہ اگر یقین ہو کہ میں کوئی کام نہیں کر سکتا تو مجھے چاہیے کہ عزت کے ساتھ استعفیٰ دے دوں۔امریکی محکمہ خارجہ کی نائب ترجمان اسٹیو گولڈ اسٹین نے اپنے بیان میں جان فیلے کے مستعفی ہونے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ جان فیلے نے اپنے فیصلے سے وائٹ ہاؤس، امریکی محکمہ خارجہ اور پاناما کی حکومت کو آگاہ کر دیا کہ وہ ذاتی وجوہات کی بناء پر رواں برس 9 مارچ کو عہدے سے مستعفی ہو جائیں گے۔